اسمبلی میں نعت رسول مقبول ؐ یقینی بنائی جائے ،ملک نوشیر
میلسی (نامہ نگار) انجمن طلباء اسلام کے سابق رہنماء و چیئرمین سٹینڈنگ ایجوکیشن کمیٹی ملک نوشیر انجم لنگڑیال نے اے این آئی پنجاب کے سابق چیف آرگنائزر محمد اسلم خان یوسفزئی کی رہائش گاہ پر جماعت اہلسنت اور انجمن طلباء اسلام کے رہنماؤں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انجمن طلباء اسلام سے ہمارا لازوال رشتہ ہے جو عشقِ رسولؐ کے فروغ کے لیے کام کررہی ہے ۔
انہوں نے کہا الحمدللہ انجمن طلباء اسلام سے تعلق رکھنے والے ایم پی ایز نے مل کر پنجاب اسمبلی سے باقاعدہ تلاوت کے بعد نعت رسول مقبول ؐ کا بل پاس کروایا۔انہوں نے کہا آپ کو حیرت ہوگی پنجاب اسمبلی میں موجود غیر مسلموں نے نعت رسول ؐ کی قرارداد کی بھرپور حمایت کی لیکن چند لوگوں کی مخالفت کے باوجود نعت رسول ؐ کی قرار داد پاس کی اور آج تلاوت قرآن پاک کے بعد پنجاب اسمبلی میں نعت رسول مقبول ؐ پڑھی جاتی ہے اور پنجاب اسمبلی میں سب سے پہلی نعت رسول مقبول ؐ انجمن طلباء اسلام سے تعلق رکھنے والے ایم پی اے کو پڑھنے کا اعزاز حاصل ہوا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی زندگیاں محبت رسول ؐ کے لیے وقف کررکھی ہیں۔انہوں نے کہا نوجوان عشق رسولؐ کو فروغ دیں اور ملک میں امن و سلامتی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ہم نے استحکام پاکستان اور اس کی ترقی کے لیے نفرتوں کا خاتمہ اور عشق رسول ؐ کو فروغ دینا ہے ۔