سکولوں کی نجکاری کیخلاف گرینڈ ٹیچرز الائنس کی احتجاجی ریلی
لودھراں( سٹی رپورٹر )سرکاری سکولوں کی نجکاری کے خلاف گرینڈ ٹیچرز الائنس لودھراں کی احتجاجی ریلی ، ریلی ضلع کونسل سے ڈپٹی کمشنر آفس تک نکالی گئی۔ ریلی میں سینکڑوں خواتین و مرد اساتذہ نے شرکت کی۔
ریلی سے گرینڈ ٹیچرز الائنس کے عہدے داران ملک سجاد اختر اعوان ، رائو محمد زاہد مدنی، محمد طاہر خان لنگاہ ،رائو عبدالحکیم خاں ودیگر قائدین نے خطاب کیا۔ کنوینئر و چیف آرگنائزر پی ٹی یو عباسی ملک سجاد اختر اعوان نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج 5 اکتوبر کو پوری دنیا میں ٹیچرز ڈے منایا جارہا ہے اور انہیں خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے لیکن بدقسمتی سے حکومت پنجاب کی غلط پالیسیوں کے سبب ٹیچرز آج یوم سیاہ منا رہے ہیں اس کی وجہ یہ ہے کہ حکومت پنجاب سرکاری سکولوں کو اونے پونے داموں فروخت کر رہی ہے ۔اساتذہ کا معاشی قتل کر رہی ہے ۔غریب بچوں پر تعلیم کے دروازے بند کر رہی ہے ۔ ہم اس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور حکومت وقت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ لگژری گاڑیاں خریدنے کی بجائے تعلیم پر توجہ دے ۔ سکولوں کے نجکاری فوری طور پر بند کی جائے ۔ غریب بچوں پر تعلیم کے دروازے بند نہ کیے جائیں۔