اغوا، زیادتی پھرفروخت،متاثرہ خاتون انصاف کیلئے دربدر
مظفرگڑھ(سٹی رپورٹر )خاتون کواغوا کے بعد زیادتی پھرفروخت،متاثرہ خاتون انصاف کیلئے دربدر۔
،ٹبہ کریم آباد مظفرگڑھ کی متاثرہ سنجیلہ دختر فدا حسین آرائیں دیگر مرد و خواتین کے ہمراہ مقامی پریس کلب پہنچ گئی۔ وزیر اعلیٰ ،آئی جی پولیس،ایڈیشنل آئی جی پولیس جنوبی پنجاب،آر پی او ڈیرہ غازی خان اور ڈی پی او مظفرگڑھ سے اپیل کی کہ اسے ورغلا پھسلا کر اغوا کر کے جنسی دردگی کا نشانہ بنانے اور بعد ازاں فروخت کرنے والے ملزم محبوب احمد اور اس کے ساتھی محمد یوسف کو عبرت ناک سزا دی جائے ۔متاثرہ خاتون نے بتایا کہ اس کی شادی چھ ،سات سال قبل محمد جاویدسے ہوئی تھی،بیٹا پیدا ہوا جو بعد میں فوت ہو گیا مگر میں اپنے گھر میں محمد جاوید کیساتھ خوش و خرم زندگی گزار رہی تھی، ہمارے گھر میں کزن محبوب کا آنا جانا تھا جو مجھے ورغلا پھسلا کر 2نا معلوم افراد کے ہمراہ ایک نا معلوم گھر میں لے گیا جہاں مجھے محبوس رکھ کر مختلف اوقات میں میرے ساتھ زبردستی زیادتی کرتا رہااور 2ماہ بعد میں یوسف اور اس کی بیوی سویرا کو لیکر آیا اور مجھے محمد یوسف کے ہاتھ فروخت کر دیا جو مجھے اسلحہ کے زور پر محلہ روشن آباد لے گئے اورایک مکان میں بند کر دیاجہاں سے موقع پا کر میں دیوار پھلانگ کر نکل آئی اور تھانے پہنچ کر حالات و واقعا ت بتائے تو مجھے دارالامان بھیج دیا گیااور بعد ازاں تھانہ سٹی مظفرگڑھ میں میرا مقدمہ درج کیا گیا لیکن تاحال نامزد ملزم گرفتار نہیں ہوئے اور مجھے قتل کی دھمکیاں مل رہی ہیں ۔