ویسٹ مینجمنٹ میں سخت احتساب شروع کردیا،عبدالرزاق
ملتان(خصوصی رپورٹر)ویسٹ مینجمنٹ کمپنی انتظامیہ کی جانب سے صفائی صورتحال میں بہتری کیلئے سخت احتسابی نظام کا نفاذ کردیا گیا ہے ۔اس سلسلے میں چیف ایگزیکٹو آفیسر عبدالزراق ڈوگر نے علی الصبح مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور صفائی انتظامات پر بریفنگ لی ۔
اس موقع پر سی سی او نے ناقص کارکردگی پر ڈبل پھاٹک اور گارڈن ٹائون کے سیکٹر انچارج کو معطل کردیا ،اصغر مغل سیکٹر انچارج ڈبل پھاٹک کو صفائی کی ابتر صورتحال پر ہیڈ آفس رپورٹ کرنے کا حکمنامہ جاری کیا گیا۔اپنے دورے کے دوران عبدالرزاق ڈوگر نے دو روز میں شہری علاقوں کو زیرو ویسٹ کرنے کا الٹی میٹم بھی جاری کیا۔ سی ای او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے کہا کہ عوام کی توقعات پر پورا اترنے کیلئے خصوصی صفائی مہم کا آغاز کردیا گیا ہے جبکہ عملہ صفائی اور فیلڈ افسروں کی کارکردگی کا کڑا آڈٹ شروع کردیا گیا ہے ۔اس سلسلے میں تھرڈ پارٹی کے ذریعے صفائی عملے کی کارکردگی اور ویسٹ کولیکشن کو چیک کیا جائے گا۔سی ای او کا کہنا تھا کہ عوامی مفاد میں تمام مشینری اور افرادی قوت کو فیلڈ میں اتار دیا گیا ہے ۔