700ڈینگی ملازمین کی برخاستگی،آج بھوک ہڑتال کا اعلان

700ڈینگی ملازمین کی برخاستگی،آج بھوک ہڑتال کا اعلان

ملتان(لیڈی رپورٹر)محکمہ صحت ملتان کے سات سو ڈینگی ڈیلی ویجز ورکرز کو نوکری سے نکالنے پر ڈینگی ورکرز نے آج سے سی ای او ہیلتھ دفتر کے سامنے احتجاج اور بھوک ہڑتالی کیمپ لگانے کا اعلان کر دیا ہے ۔

ڈینگی ورکرز ندیم لاشاری ، عبد الرحمن ، مرزا ناصر سمیت دیگر کا کہنا تھا پانچ سے چھ ماہ ہو گئے تنخواہیں نہیں دی گئیں یہ کہہ کر تصدیق کی گئی کہ تنخواہیں ملیں گی لیکن تنخواہیں دینے کی بجائے سی ای او ہیلتھ ملتان ڈاکٹر ریاض احمد مستوئی نے کہا نوکری سے فارغ ہو ،گھروں پر فاقے ہیں بیوی بچوں والدین کے علاج تک کے پیسے نہیں ہیں اگر نوکریوں پر بحال کر کے تنخواہیں نہ ادا کی گئیں تو خودسوزی پر مجبور ہو جائیں گے ۔ڈینگی ورکرز کا کہنا تھا سوموار سے احتجاج دھرنا اور بھوک ہڑتالی کیمپ شروع ہو گا جو مطالبات پورے ہونے تک جاری رکھا جائیگا ۔ادھر سی ای او ہیلتھ ملتان ڈاکٹر ریاض احمد مستوئی کا کہنا تھا ڈیلی ویجز ورکرز کو سابقہ افسر دھوکے سے لے کر چلتے رہے جبکہ قانون کے مطابق ہر آٹھ ماہ بعد دوبارہ بھرتی کا اشتہار دے کر نئی بھرتیاں کی جانی چاہئے تھیں اب بھی ڈینگی کا سیزن مارچ کے قریب شروع ہوتے ہیں اشتہار دینے کے بعد نئی بھرتیاں کی جائیں گی ادھر ڈینگی ورکرز کا کہنا تھا کہ جب آٹھ سال تک دھوکے سے کام لیا جاتا رہا تب محکمہ سو رہا تھا اب ہماری عمریں زیادہ ہو چکی کوئی نوکری پر نہیں رکھے گا یہاں مستقل کرنے کی بجائے ہمیں نکال دیا گیا ہے اپنا حق لے کر رہیں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں