باگڑسرگانہ گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول سے محروم
باگڑسرگانہ(نامہ نگار)باگڑسرگانہ گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول سے محروم،طالبا ت کا15کلومیٹر دور جانا،والدین کیلئے اخراجات برداشت کرنا انتہائی مشکل اورناممکن ہے ۔
، اکثریت غریب والدین کی بچیوں کی ہے جودیگر شہروں میں اپنی بچیوں کو تعلیم دلوانے کے اخراجات برداشت نہیں کر سکتے اور مجبوراً ان کو میٹرک کے بعد تعلیم کو خیر باد کہہ کر گھر بیٹھنا پڑتا ہے کیونکہ یہاں سے عبدالحکیم کالج تقریباً 15 کلومیٹر کے فاصلہ پر ہے اور صبح کالج کے اوقات میں یہاں سے پبلک ٹرانسپورٹ میسر نہیں ہوتی اور جس کے لیے پرائیویٹ ٹرانسپورٹ کا انتظام کرنا پڑتا ہے جو انتہائی مہنگی پڑتی ہے اور غریب والدین کی حسرتیں باوجود کوششوں کے دم توڑ دیتی ہیں کہ کیوں جان لیوا مہنگائی کے دور میں ان کے بس کا روگ نہیں ۔سینکڑوں والدین نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ گرلز ہائی سکول کو ہائر سیکنڈری کالج کا درجہ دے کر غریب طبقات کی مجبوریوں کا فوری ازالہ کیا جائے ۔