جعلی زرعی ادویات کی سود پر فروخت کا انکشاف

جعلی زرعی ادویات کی سود پر فروخت کا انکشاف

ملتان (جام بابر سے ) حکومت پنجاب کے متعلقہ ادارے اپنی مثبت کارکردگی دکھانے میں ناکام، محکمہ زراعت کی نااہلی،صوبے بھر میں شعبہ زراعت کو تباہ کرنے کے لئے جعلی ادویات اور کھاد کی فروخت کے ساتھ منافع خور مافیا کی جانب سے سود پر غریب کسانوں کو کھاد، اجناس اور ادویات دینے کا سلسلہ جاری جبکہ صوبائی محکمے کارروائی سے گریزاں ہیں۔

 تفصیلات کے مطابق ضلع ملتان سمیت صوبہ بھر میں گندم کی کاشت کے بعد کھیتوں کو پانی کے ساتھ کھاد دی جا رہی ہے لیکن متعدد اضلاع میں دکانوں اور تاجروں کی جانب سے کسانوں کو سودپر جعلی ادویات، کھاد اور اجناس دی جارہی ہیں، ذرائع کے مطابق ملتان مظفرگڑھ کوٹ ادو اور دیگر بیشتر اضلاع اور چھوٹے بڑے شہروں میں جعلی ادویات، اجناس اور کھاد کا کاروبارتیزی سے جاری ہے ، دوسری جانب جعلی زرعی ادویات ، کھاد اور اجناس کی وجہ سے کسانوں کی فصلیں تباہ ہوسکتی ہیں، جس کی وجہ سے کسانوں کو لاکھوں روپے کے نقصان کا اندیشہ ہے ، کسان تنظیموں کے ذرائع کے مطابق ملتان وہاڑی چوک ،چوک شاہ عباس کے علاوہ دیگر متعدد مقامات پرشعبہ زراعت کے فروغ کے لیے زرعی اجناس ،ادویات اور کھاد کی دکانیں قائم ہیں جن میں سے بیشتر دکانوں پر جعلی سامان کی فروخت کی نشاندہی ہوئی ہے ، اس ضمن میں متعلقہ حکام کو شکایات بھی وقتاً فوقتاً موصول ہوتی رہی ہیں، لیکن اس کے باوجود مافیا کے خلاف کسی قسم کی کارروائی نہیں کی جارہی، ذرائع کے مطابق جنوبی پنجاب بھر میں گندم جعلی زرعی ادویات اور کھاد کے استعما ل کی وجہ سے گندم خراب ہونے کی شکایات کی جارہی ہیں۔جب کہ دوسری جانب محکمہ اس رات کے اعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ جعلی ادویات کھاداور دیگر ناقض بیجوں کی فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں