55لاکھ کی عدم ادائیگی،13نادہندگان کے کنکشن منقطع
ملتان (خصوصی رپورٹر)میپکو ریجن میں رمضان المبارک کے دوران بھی ڈسکوسپورٹ یونٹ میں شامل فورسز کے ہمراہ بجلی چوروں اورنادہندگان کے خلاف آپریشن جاری ہے ۔
وہاڑی اور بہاولپورمیں55لاکھ روپے واجبات کے 13نادہندگان کے کنکشنز منقطع کرکے میٹرز اُتارلئے ۔ میپکو ، رینجرز، پولیس اور بارڈر ملٹری فورس کی مشترکہ ٹیموں نے 25لاکھ روپے واجبات کی ادائیگی نہ کرنے پر 14نادہندگان کو موقع سے گرفتارکرواکر حوالات منتقل کیا جبکہ بجلی چوری کے سدباب کے لئے ایک بستی کی بجلی منقطع کرکے ٹرانسفارمر اُتارلیا ۔ 25افرادکو ڈائریکٹ کنڈیاں لگاکر بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑا ۔ گرفتار نادہندگان سے 3لاکھ روپے واجبات بھی موقع پر وصول کئے گئے ۔سپرنٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکووہاڑی سرکل وسیم اختر اور ونگ کمانڈر رینجرز کی زیرنگرانی ایکسین وہاڑی ڈویژن عمار صدیقی اورایس ڈی او رانا اشتیاق احمد کی سربراہی میں ٹیم نے چک 102WB، چک90WB، چک112WB، چک 110WBاور 25 پورہ چوک عظیم میں نادہندگان کے خلاف آپریشن کیا۔40 لاکھ50 ہزار روپے واجبات کی عدم ادائیگی پر5نادہندہ کاشتکاروں کے کنکشنز منقطع کرکے میٹرز اُتارلئے جبکہ نادہندگان سے 5لاکھ 10ہزارروپے واجبات موقع پر وصول کئے گئے ۔