لیگی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن، احمد یار ہنجرا

کوٹ ادو(نامہ نگار،تحصیل رپورٹر)سابق صوبائی وزیرجیل خانہ جات وضلعی صدر مسلم لیگ ن ملک احمدیار ہنجراء نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہبازشریف اوروزیراعلی پنجاب مریم نواز کی قیادت میں پاکستان خوشحالی اور ترقی کی منازل طے کررہا ہے۔۔۔
،وزیراعلیٰ مریم نواز نے سخت فیصلے لیکر عوامی ترقی کے ریکارڈ منصوبے مکمل کرائے ہیں جس سے خادم اعلیٰ کے دور کی یاد تازہ ہوگئی ہے ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اب سماجی انقلاب کوروکنا مشکل ہوگیاہے ،ایک سال کے مختصر عرصے میں پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز نے 13 کروڑ آباد والے صوبے کی کایا پلٹ دی ،تعلیم، صحت اور انسانی ترقی کے شعبوں میں لائی گئی تبدیلیاں معیار زندگی بلندکرنے کا ثبوت ہیں، بیروزگاری میں کمی اور مہنگائی کو سنگل ڈیجٹ پر لانا مسلم لیگ ن کے تاریخی کارنامے ہیں ،کم آمدنی والے طبقہ کو ریلیف فراہم کرنا وزیر اعلیٰ کی پہلی ترجیح ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے 30 ارب روپے کا رمضان نگہبان پیکیج دیا ہے جس کے تحت 10 ہزار روپے کا پے آرڈد لوگوں کے گھر کی دہلیز پر پہنچ رہا ہے ،30 لاکھ گھرانے رمضان نگہبان پیکیج سے مستفید ہو رہے ہیں ۔ وزیراعلیٰ پنجاب نہ صرف نوجوانوں و خواتین کو ریلیف فراہم کر رہی ہے بلکہ دیہی علاقوں میں روزگار کے مواقع پیدا کر کے غربت ختم کرنے کے لئے جنوبی پنجاب کی 10ہزار بیوہ،مستحق خواتین میں مادہ جانوربھی تقسیم کررہی ہیں۔