ڈی پی ایس وہاڑی میں فلاور اینڈ فیملی فیسٹیول کا افتتاح

وہاڑی (نمائندہ دنیا )ڈویژنل پبلک سکول وہاڑی میں فلاور شو اینڈ فیملی فیسٹیول کی شاندار افتتاحی تقریب۔تفصیل کے مطابق ڈویژنل پبلک سکول وہاڑی میں۔۔
فلاور شو اینڈ فیملی فیسٹیول کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب ہوئی۔ تقریب کا افتتاح ڈپٹی کمشنر وہاڑی عمرانہ توقیر اور سکول کے پرنسپل سید غلام عباس بخاری نے کیا،فیسٹول میں فوڈسٹالز، بچوں کے کھیلنے کے لیے پلے ایریا اور دیگر تفریحی سہولیات فراہم کی گئیں،نمائش میں رنگ برنگے پھولوں کی مختلف اقسام رکھی گئیں، جن سے طلبہ و طالبات کو نہ صرف ان کی خوبصورتی بلکہ ان کی افادیت کے بارے میں بھی آگاہی ملی۔ ڈپٹی کمشنر اور پرنسپل نے مختلف سٹالز کا جائزہ لیا اور منتظمین کی کاوشوں کو سراہا ۔ڈپٹی کمشنر عمرانہ توقیر کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پھول قدرت کا حسین کرشمہ ہیں جو زندگی میں خوشی اور تازگی کا باعث بنتے ہیں، فلاور شو اور فیملی فیسٹول جیسے ایونٹس صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عمرانہ توقیر اور پرنسپل سید غلام عباس بخاری نے ایک یادگاری پودا بھی لگایا اور ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے دعا کی ۔تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز میاں نعیم عاصم، اساتذہ، والدین اور طلبا و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے فیسٹیول کو ایک شاندار اور مثبت سرگرمی قرار دیا جو تفریح کے ساتھ ساتھ تعلیمی اور ماحولیاتی شعور اجاگر کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔