یوٹیلیٹی سٹورز ملازمین کی ہڑتال ویئر ہائوسز غیر معینہ بند

یوٹیلیٹی سٹورز ملازمین کی  ہڑتال ویئر ہائوسز غیر معینہ بند

ملتان (لیڈی رپورٹر)وفاقی حکومت کی جانب سے یوٹیلیٹی سٹور کارپوریشن کے پانچ ہزار سے زائد ڈیلی ویجز اور کنٹریکٹ ملازمین کو ملازمت سے فارغ کرنے کے خلاف ملک بھر کی طرح ملتان میں بھی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔۔

ریجن بھر کے تمام یوٹیلیٹی سٹورز اور وئیر ہائوسز کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیا گیا ہے ۔ دفاتر میں ملازمین نے قلم چھوڑ ہڑتال کی۔ مظاہرے کی قیادت نیشنل ورکر یونین اور ورکر الائنس کے عہدیداروں نے کی۔ تمام ملازمین سٹورز کی تالا بندی کرکے ریجن آفس ملتان میں اکٹھے ہوئے اور حکومت کے بے حسی پر مبنی اقدام کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ۔اور شدید نعرے بازی کی ۔اس موقع پر سی بی اے کے سرپرست اعلیٰ اسرار فرید چشتی، رانا عبدالحکیم، حمید گل ،رانا اظہار، منظور احمد ،نوید گیلانی اور عبدالرحمن سمیت ملازمین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ ملازمین کا کہنا تھا کہ یوٹیلیٹی سٹور کارپوریشن نے یک جنبش قلم ساڑھے پانچ ہزار ڈیلی ویجز اور کنٹریکٹ ملازمین کو ملازمت سے فارغ کر دیا ہے ۔یہ حکومتی اقدام ملازمین کا معاشی قتل کرنے کے مترادف ہے ۔ گریڈ ایک سے 15 کے ان کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجز ملازمین کی مدت ملازمت 18 سے 22 سال تک ہے ۔موجودہ حالات میں ایک طرف مہنگائی کا طوفان ہے تو دوسری جانب حکومت نے ملازمین سے ان کا روزگار چھین لیا ہے ۔ملازمین کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ چار سالوں سے ان کی تنخواہوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا اور اب بغیر کسی معاوضہ کے ملازمت سے نکال دیا گیا ہے ۔معاشی بد حالی کی وجہ سے ملازمین خود کشی کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے سرپرست اعلی نیشنل ورکرز یونین ( سی بی اے ) اسرار فرید چشتی کا کہنا تھا کہ ہم اس حکومت ظالمانہ سلوک کی مذمت کرتے ہیں اور اس کے خلاف ہر قانونی فورم پہ اواز اٹھائی جائے گی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں