زیر تعمیر 5بس شیڈز 30جون تک فعال کرنے کا ٹاسک

ملتان (وقائع نگار خصوصی)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ’’خوبصورت پنجاب‘‘ویژن کے تحت ملتان شہر میں شہری انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے ترقیاتی اقدامات تیزی سے جاری ہیں۔۔۔
کمشنر ملتان عامر کریم خاں شہری منصوبوں کی براہ راست نگرانی کر رہے ہیں اور اس ضمن میں کمشنر ملتان کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس میں بس شیڈز کی تعمیر اور ایم ڈی اے کالونیوں میں پارکوں کی حالت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایم ڈی اے کے زیرتعمیر پانچ بس شیڈز کو 30 جون تک مکمل فعال کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا جبکہ مزید سات بس شیڈز 30 جولائی سے عوام کے لیے دستیاب ہوں گے ۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ملتان شہر میں 22 نئے بس شیڈز کی تعمیر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت کی جا رہی ہے جن میں سے 11 شیڈز ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی جبکہ 11 معروف برانڈز کی جانب سے تعمیر کیے جا رہے ہیں۔کمشنرعامر کریم خاں نے کہا کہ بس شیڈز میں شہریوں کے آرام و سہولت کے لیے سایہ دار جگہ، بیٹھنے کے مناسب انتظامات، روشنی کا مکمل نظام اور دیگر جدید سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، ان منصوبوں کا مقصد نہ صرف بہتر سفری سہولیات کی فراہمی ہے بلکہ یہ ماحول دوست ترقی کی جانب بھی ایک مثبت اقدام ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ بس سٹاپس کی تعمیر میں ملتانی ثقافت اور مقامی موسم کا خاص خیال رکھا گیا ہے تاکہ شہری خود کو اپنے ماحول سے جڑا ہوا محسوس کریں۔