میپکو : ادارے ساڑھے 13 ارب کے نادہندہ

ملتان (خصوصی رپورٹر)ملتان الیکٹرک پاورکمپنی (میپکو) نے 13ارب 57کروڑروپے واجبات کے نادہندہ سرکاری وفاقی او رصوبائی اداروں /محکموں کو ادائیگی کے لئے ڈیڈ لائن دیدی ہے ۔30جون 2025ء سے قبل اپنے ذمہ سابقہ بقایاجات اور رننگ بلوں کی ادائیگی کریں۔۔۔
بصورت دیگر ان کی بجلی منقطع کردی جائے گی ۔ چیف انجینئر کسٹمرسروسز میپکو سید جواد منصوراحمد نے کہا ہے کہ ڈیفالٹرز سرکاری اداروں /محکموں کو واجبات کی ادائیگی کے لئے بار باررابطہ کیاجارہاہے ۔ کمپنی کے مالی امور بہتر طریقے سے سرانجام دینے کے لئے اربوں روپے کی ریکوری درکارہے ۔ ریجن کے تمام آپریشن سرکلوں کے ڈپٹی کمرشل منیجرز اور ریونیو آفیسرز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ نادہندہ وفاقی اور صوبائی اداروں کے سربراہان سے رابطہ کریں اور ہر صورت مقررہ تاریخ تک ریکوری ممکن بنائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی اداروں /محکموں کے ذمہ 12ارب 17کروڑروپے اور وفاق کے زیر انتظام جنوبی پنجاب میں کام کرنے والے اداروں کے ذمہ ایک ارب 39کروڑروپے بقایاجات ہیں ۔صوبائی اداروں /محکموں میں واسا ملتان میپکو کا سب سے بڑا ڈیفالٹر ہے جس کے ذمہ 3ارب 44کروڑروپے سے زائد بقایاجات ہیں جبکہ ٹی ایم اے ڈیپارٹمنٹ 5ارب 35 کروڑروپے ، سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ 97 کروڑ روپے ، پنجاب ہائی وے ایک کروڑروپے ، محکمہ پولیس 36کروڑروپے ، محکمہ جیل خانہ جات 8کروڑ89لاکھ روپے ، پی ایچ ای 26 کروڑ 16 لاکھ روپے ، سلائین زون ایک ارب 14 کروڑ روپے ، محکمہ سکارپ 5 لاکھ 50 ہزار روپے ، پنجاب سمال انڈسٹریز 19 کروڑ 76لاکھ روپے ، محکمہ ایری گیشن 2کروڑ66لاکھ روپے اور دیگر صوبائی محکموں کے ذمہ 16کروڑروپے واجبات ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نادہندہ وفاقی محکموں میں محکمہ ریلوے نے 22کروڑ96لاکھ روپے ، کنٹونمنٹ بورڈ 7کروڑ38لاکھ روپے ، وزارت قانون نے 74لاکھ روپے ، ایف آئی اے 91 لاکھ 20 ہزار روپے ، موٹروے پولیس 4 لاکھ 70 ہزارروپے ،پاکستان پوسٹل آفس 7 لاکھ 90 ہزار روپے ، پی ڈبلیوڈی ایک لاکھ 10ہزار روپے ، سول ایوی ایشن 5لاکھ20ہزارروپے ، پی ٹی وی 3 لاکھ 60ہزارروپے ، نیشنل بینک آف پاکستان 9 لاکھ 20 ہزارروپے ، نیشنل ہائی وے اتھارٹی 60 لاکھ 70 ہزار روپے ، ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن 17لاکھ 50ہزارروپے اور دیگر اداروں کے ذمہ 3کروڑروپے واجبات ہیں ۔