سڑکوں پر تعمیراتی ملبہ پھینکنے کیخلاف آپریشن کا فیصلہ

سڑکوں پر تعمیراتی ملبہ پھینکنے کیخلاف آپریشن کا فیصلہ

ملتان(وقائع نگار خصوصی )ڈویژنل انتظامیہ نے شہر کی سروس لینز، فٹ پاتھ، سڑکوں اور گرین بیلٹس پر تعمیراتی ملبہ پھینکنے کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے ۔۔

اس حوالے سے کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے دو ہفتے کی ہنگامی مہم شروع کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ تعمیراتی ملبہ نہ صرف ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بنتا ہے بلکہ ماحولیاتی آلودگی اور شہری بدنمائی کا سبب بھی بن رہا ہے ، جس کے تدارک کے لیے فوری اقدامات ضروری ہیں۔کمشنر کی ہدایت پر اضلاع میں آگاہی مہم بھی شروع کی جائے گی جس کے تحت مساجد میں اعلانات، میڈیا کے ذریعے تشہیر اور شہر بھر میں بینرز آویزاں کیے جائیں گے ۔ مہم کے دوران میونسپل کارپوریشن، ضلع کونسل، ضلعی انتظامیہ، ٹریفک پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں پر مشتمل مشترکہ ٹیمیں شہر میں سرویلنس کریں گی۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے گی، مقامات کو سربمہر کیا جائے گا اور تعمیراتی ملبہ تحویل میں لے لیا جائے گا۔دریں اثنا ڈویژنل کمشنر نے اپنی زیر صدارت اجلاس میں واضح کیا کہ ٹماٹر، پیاز، لیموں سمیت اشیائضروریہ کی قیمتوں میں غیر معمولی چڑھاؤناقابلِ قبول ہے ، اس سلسلے میں تمام ڈپٹی کمشنرز کو منڈیوں سے مارکیٹس تک سپلائی چین کی ذاتی مانیٹرنگ کا ٹاسک سونپا گیا ہے ، پرائس کنٹرول کیلئے تھانہ کی سطح پر مجسٹریٹس کو خصوصی ٹاسک دے دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی مافیا پر کڑی نظر رکھ کر سخت کارروائی کی جائے گی اور عوامی ریلیف کو ہر صورت ممکن بنایا جائے گا۔ ریڑھی بازار اور کسان سہولت مراکز کے دائرہ کار کو مزید بڑھایا جائے گا تاکہ شہری براہ راست مستفید ہو سکیں۔کمشنر نے ستھرا پنجاب مہم کو عید الاضحی صفائی آپریشن کی طرز پر مستقل بنیادوں پر جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ گرمیوں کی چھٹیوں میں تعلیمی اداروں اور عوامی مقامات پر بھرپور شجرکاری کی جائے ۔علاوہ ازیں کمشنر ملتان نے کہا کہ ملتان کی ادبی و ثقافتی شخصیات کے گھروں پر اعزازی تختیوں کی تنصیب کا آغاز کیا جا رہا ہے تاکہ فن و ادب سے وابستہ شخصیات کو خراجِ تحسین پیش کیا جاسکے ۔ انہوں نے مزید کہ وہ عوامی مسائل کے حل کو پہلی ترجیح بنائیں اور فیلڈ میں متحرک کردار ادا کریں۔ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو نے محرم الحرام کے حوالہ سے انتظامات پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ موثر سکیورٹی حکمت عملی اور متعلقہ عملے کو تربیت فراہم کی جا چکی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں