بینظیر انکم سپورٹ کی چوتھی قسط کی ادائیگی ، 200 سے زائد ریٹیلرز تعینات

ملتان (لیڈی رپورٹر) بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے تحت کوارٹر 4 کی ادائیگیاں ضلع ملتان میں ریٹیل ماڈل کے ذریعے شروع کر دی گئی ہیں۔
مستحقین کو شفاف، بروقت اور باوقار ادائیگی یقینی بنانے کے لئے پارٹنر بینک کی جانب سے ضلع بھر میں 200 سے زائد منظور شدہ ریٹیلرز تعینات کئے گئے ہیں۔بی آئی ایس پی نے متعلقہ بینک کو ہدایت دی ہے کہ گرمی کے موسم کو مدنظر رکھتے ہوئے ادائیگی مراکز پر مستحقین کے لئے مناسب انتظامات ، بشمول بیٹھنے کی جگہ، سایہ اور ٹھنڈا پانی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔ اس کے ساتھ ساتھ مانیٹرنگ ٹیمیں متحرک ہیں جبکہ شکایت سیل بھی قائم کر دیئے گئے ہیں تاکہ فوری رہنمائی فراہم کی جا سکے ۔ڈائریکٹر جنرل بی آئی ایس پی پنجاب، محمد ناصر خلیلی کی ہدایت پر بی آئی ایس پی پنجاب کے ساؤتھ زونل آفس نے ایک کنٹرول روم بھی قائم کیا ہے ، جو ادائیگیوں کے دوران مستحقین کی شکایات کے فوری اور شفاف ازالے کے لئے کام کر رہا ہے ۔مستحقین ادائیگی سے متعلق کسی بھی قسم کی شکایت یا رہنمائی کے لئے کنٹرول روم کے نمبر 061-6511555 پر رابطہ کر سکتے ہیں تاکہ انہیں باعزت اور بروقت خدمات فراہم کی جا سکیں۔مستحقین کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ صرف منظور شدہ ریٹیل مراکز سے مکمل رقم بمع رسید وصول کریں، اور کسی بھی شکایت کی صورت میں کنٹرول روم یا بی آئی ایس پی ہیلپ لائن 0800-26477 پر فوری اطلاع دیں۔