شہر کے 2فیڈرز کا لوڈ فاطمہ جناح گرڈ سٹیشن پر منتقل

ملتان (خصوصی رپورٹر)ملتان الیکٹرک پاورکمپنی(میپکو) نے صارفین کو بہتر وولٹیج کے ساتھ بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کے لئے ملتان شہرکے 2 فیڈرزکا لوڈ 132کے وی فاطمہ جناح گرڈسٹیشن پر منتقل کرنیکا منصوبہ مکمل کرلیاہے ۔
جنرل منیجر ٹیکنیکل میپکو انجینئر چودھری خالد محمود نے کہا کہ 132کے وی قاسم پور گرڈسٹیشن سے نکلنے والے 11کے وی دنیاپورروڈ اور وہاڑی روڈ فیڈرزسے منسلک ہزاروں صارفین کو تسلسل کے ساتھ بجلی فراہمی کے لئے لوڈشفٹنگ کی گئی ہے ۔ دونوں فیڈرز کے لوڈشفٹنگ سے وہاڑی Iاوروہاڑی 5سرکٹ بریکرز پر 400ایمپئر لوڈ کم ہواہے جس سے نہ صرف سسٹم کی کارکردگی بہترہوگی بلکہ بجلی کی ترسیل میں بھی بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ 132کے وی فاطمہ جناح گرڈسٹیشن سے منسلک 11کے وی فیڈرز کی تعداد 5ہوگئی ہے اور گرڈسٹیشن کے ٹرانسفارمر کا ریکارڈ شدہ لوڈ 850ایمپئر ریکارڈ کیاگیا ۔ لوڈشفٹنگ کا منصوبہ مکمل ہونے سے ڈسٹری بیوشن سسٹم کو مزید مستحکم بنانے میں مدد ملی ہے اور صارفین کو بہتر سروسز فراہم کرنے کی کوششوں کا عملی ثبوت ہے ۔ جنرل منیجر ٹیکنیکل نے ایکسین ایس ایس اینڈ ٹی ڈویژن اظہر اقبال، ایکسین کنسٹرکشن ڈویژن ملتان اور لوڈشفٹنگ کے منصوبے پر کام کرنے والے شعبوں کے ورکرز کو شاباش دی ۔