کوٹ ادو،ٹی پی لنک روڈپر گرنیوالے درخت سے حادثہ کاخدشہ
کوٹ ادو (تحصیل رپورٹر)محکمہ انہار کی غفلت، ٹی پی لنک روڈ پر گرنے والا درخت کئی روز سے سڑک کنارے پڑا ہوا۔۔۔
حادثے کا خدشہ۔ تفصیل کے مطابق کوٹ ادو کے نواحی علاقہ نور شاہ تلائی، پل پاوڑے والی ٹی پی لنک روڈ پر محکمہ انہار کی غفلت کے باعث ایک درخت کئی روز سے سڑک کنارے گرا ہوا ہے جو نہ صرف آنے جانے والوں کے لیے رکاوٹ بنا ہوا ہے بلکہ کسی بھی وقت سنگین حادثے کا سبب بن سکتا ہے ۔علاقہ مکینوں کے مطابق یہ درخت شدید آندھی کے باعث جڑ سے اکھڑ کر سڑک کے کنارے جا گرا تھا، جسے اب تک کاٹا گیا اور نہ ہی ہٹایا گیا ہے ،مسافر اور مقامی افراد روزانہ اس مقام سے گزرتے ہیں اور اندھیرے یا تیز رفتاری کی صورت میں حادثے کا شدید خطرہ موجود ہے ۔ عوامی حلقوں نے محکمہ انہار اور متعلقہ انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر اس درخت کو ہٹایا جائے تاکہ عوام کے جان و مال کو محفوظ بنایا جا سکے ،اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو کسی بھی ممکنہ حادثے کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔