یوٹیلیٹی بلز نے عوام کی زندگی اجیرن کردی،ضیا صدیقی
ملتان (لیڈی رپورٹر)مہنگائی اور بجلی و پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتیں اس وقت ملک کے سب سے بڑے مسئلے ہیں ۔۔۔۔
محدود آمدنی میں ماہانہ بنیادوں پر ایک مختصر خاندان کی کفالت ناممکن ہوچکی ہے ۔ بجلی و گیس کے یوٹیلیٹی بلز نے عام آدمی کی زندگی اجیرن کردی ہے اور اس سلسلے میں خودکشیوں کا تناسب تیزی سے بڑھ رہا ہے ۔ سب ٹھیک ہے کا نعرہ اب ماضی کا حصہ بن چکا۔ اچھی تنخواہ کے باوجود دوسری نوکری کرنی پڑتی ہے تاکہ گھریلو اخراجات ادا ہوسکیں۔ لوگ گھر کا کرایہ ادا کریں، راشن خریدیں ، یوٹیلیٹی بلز جمع کرائیں یا بچوں کی تعلیم کے اخراجات پورے کریں۔ مسلسل بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے ۔اس حوالے سے ملک بھر کی سول سو سائٹی میں گہری تشویش پائی جاتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار سول سوسائٹی فورم کے عہدیدار چیف ایگزیکٹیو خواجہ ضیا صدیقی، صدر ڈاکٹر عرفان احمد پراچہ، چیف آگنائزر اورنگزیب خان بلوچ ایڈووکیٹ اور چیف کوآرڈی نیٹر شاہد محمود انصاری نے بجلی و پٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور بھاری ٹیکسوں کے حوالے سے عوامی مشکلات و تفکرات کے سلسلے میں منعقدہ فکری نشست میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ سماجی رہنماؤں نے بجلی کی قیمت کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ تین سال قبل بجلی اوسطاً 18 روپے فی یونٹ دستیاب تھی، جو کے 300 گنا تک اب بڑھ چکی ہے۔اور یونٹوں کے ہیرپھیر اور مساوی قیمتیں نہ ہونے سے عوامی مشکلات طوفان کی شکل اختیار کرچکی ہے ۔