عاق کرنے پر گستاخ بیٹوں کا اغواء کے بعدبزرگ باپ پر تشدد
لودھراں (ڈسٹرکٹ رپورٹر،سٹی رپورٹر )تھانہ سٹی لودھراں کے علاقہ ملتان روڈ پر واقع موضع سمرا کے رہائشی ضعیف العمر 85 سالہ محمد یوسف نے اپنی ضعیف العمر اہلیہ خدیجہ مائی اور بیٹیوں رخسانہ یوسف، عظمیٰ نسرین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ۔۔۔
میں نے اپنے بیٹوں ضیا الرحمن،اعجاز الرحمن طارق، سیف الرحمن اور بیٹی شازیہ غزالہ کو نافرمان اور گستاخ ہونے کی وجہ سے عاق کر دیا ہے اور اپنی 16 ایکڑ اراضی کیلئے اپنی بیٹی رخسانہ یوسف اور اہلیہ کو وصیت کرتے ہوئے اپنا مختار بنایا ہے جس کی وجہ سے دو ماہ قبل مجھے شازیہ اور ظفر وغیرہ نے مبینہ طور اغوا کیا اور تشدد کا نشانہ بنایا تھا اور بعد ازاں طفیل ڈوگر سے باہمی مشاورت کے بعد مجھے تھانہ سٹی لودھراں چھوڑ گئے تھے لیکن پولیس ملزموں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کر رہی تھی جس پر ہم عدالت گئے ،عدالت کے حکم پر میڈیکل بنا مگر ابھی تک کوئی کارروائی نہیں ہوئی ۔میرے جانوروں کو پانی تک نہیں پلانے دیتے ۔بیٹی رخسانہ نے الزام لگایا کہ 6 جولائی کو شام چار پانچ بجے گھر موجود تھی کہ ضیا الرحمن نے مجھے گالم گلوچ کرتے ہوئے تشدد کا نشانہ بنایا، قتل کی دھمکیاں دیں،پندرہ پر کال کرنے پر پولیس ہمیں تھانہ لے گئی لیکن پھر ملزموں کو چھوڑ دیا،ضیاء الرحمن،اسما نذیر ،اعجاز الرحمن طارق، نیلم اور سیف الرحمن وغیرہ میرے گھر پہنچنے سے پہلے گھر پہنچے ہوئے تھے ، جو اشتہاری ہیں پولیس انہیں نہیں پکڑ رہی ۔ وزیر اعلیٰ کی ہیلپ لائن پر شکایت کی اور آر پی او کے پاس ملتان گئی تو کہا گیا ڈی پی او لودھراں آپ کی درخواست سنیں گے ۔وزیر اعلیٰ اور آئی جی سے اپیل ہے ہمیں تحفظ اور انصٖاف دلایا جائے ۔