فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں،1ہزار لٹر غیر معیاری دودھ تلف
ملتان ،کوٹ ادو،ڈیرہ غازی خان(لیڈی رپورٹر،تحصیل رپورٹر،نامہ نگار،ڈسٹرکٹ رپورٹر) ملاوٹ مافیا کے گرد پنجاب فوڈ اتھارٹی کا گھیراؤ، کولیکشن سنٹر پر کارروائی ۔۔
، 1 ہزار لٹر غیر معیاری دودھ تلف، کولیکشن سنٹر کے مالکان کیخلاف ایف آئی آر درج۔ تفصیلات کے مطابق بابر چوک کوٹ ربنواز ویجیلنس ٹیم کی اطلاع پر ملک کولیکشن سنٹر پر کارروائی کی گئی۔ ٹیسٹ کے دوران دودھ میں فیٹ اور غذایت کی کمی پائی گئی۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاویدکا کہناتھا کہ زائد المیعادکولڈڈرنکس کے استعمال سے مہلک بیماریاں جنم لیتی ہیں اور انسانی صحت سے کھلواڑ کسی صورت برداشت نہیں کیاجائے گا،انہوں نے مزید کہا کہ مضر صحت اشیاء کی فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائیاں جاری رہیں گی،شہریوں نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے چھاپے تسلسل کے ساتھ جاری رہنے چاہئیں تاکہ عوام کو صحت منداشیائے خوردونوش میسر آ سکیں۔دریں اثناء ڈائریکٹر آپریشنز ساؤتھ شہزاد مگسی کی سربراہی میں فوڈ اتھارٹی نے محلہ شاہین آباد چوک سرور شہید میں ہول سیل پوائنٹ پر چھاپہ مارا، کولڈ ڈرنکس کی معائنہ کیا،2 ہزار 325لٹر زائد المیعاد کولڈ ڈرنکس تلف کردی گئیں، ہول سیل پوائنٹ کو اصلاح تک بند کردیا گیا ۔