سیلاب سے نمٹنے کیلئے تیاریاں مکمل کرلیں،وسیم حامد سندھو
ملتان،خانیوال(وقائع نگار خصوصی،ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا ہے کہ حالیہ مون سون کی بارشوں کے حوالے سے ممکنہ سیلاب سے بچائو کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مون سون بارشوں کے باعث دریائی صورتحال پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے تحصیل جلالپور پیر والہ فلڈ بندوں کا اچانک دورہ کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کشتیوں کے ذریعے دریائی علاقوں کا دورہ کیا اور ریسکیو آپریشن کی نگرانی کی۔اسسٹنٹ کمشنر جلالپور پیر والہ ذوالفقار خان اور محکمہ ایریگیشن کے حکام نے بریفنگ دی ۔ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا کہ شاہ پور لمہ کے قریب موضع رِپڑی میں دریا چناب کا تیز بہائو جاری ہے ۔شہریوں کو محفوظ مقامات پر ریلیف کیمپس میں منتقل کیا جارہاہے ۔علاوہ ازیں کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے تحصیل کبیروالا کا دورہ کیا۔ڈپٹی کمشنرڈاکٹر سلمیٰ سلیمان،ارکان صوبائی اسمبلی رانا سلیم حنیف، بیرسٹر اسامہ فضل،اسسٹنٹ کمشنر رانا عامر لیاقت ودیگر انتظامی افسر ہمراہ تھے ۔کمشنر نے ٹی ایچ کیو ہسپتال کے دورہ کے دوران مختار اے شیخ اور فاطمہ فرٹیلائزرز کے زیراہتمام فری میڈیکل کیمپ کا افتتاح کیا۔وہ ٹی ایچ کیو ہسپتال کے ایمرجنسی، آوٹ ڈور،گیسٹرو وارڈز میں گئے ، فارمیسی میں ادویات کی پڑتال کی۔انہوں نے کہا کہ نجی ہسپتال کے تعاون سے عوام کو جدید طبی سہولیات دے رہے ہیں،ٹی ایچ کیو میں کمشنر ملتان نے واٹر فلٹریشن پلانٹ کا بھی معائنہ کیا۔مون سون ریلیف کیمپ کا معائنہ کیا،ریلیف کیمپ میں فوری ریلیف کی میڈیسن کو یقینی بنانے کا حکم دیا۔