دریائے چناب میں تاریخ کا بڑا ریلہ،الرٹ رہنے کی ہدایت
مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر) ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ نے کہا ہے کہ دریائے چناب میں مرالہ کے مقام سے 9 لاکھ کیوسک پانی کا ریلہ گزر رہا ہے جو دریائے چناب کی تاریخ کا سب سے بڑا ریلہ ہے ۔۔۔۔
یہ ریلہ 30 اگست کو رنگ پور کے مقام پر ضلع مظفرگڑھ میں داخل ہوگا۔ 2014 کے بعد یہ سب سے اونچے درجے کا سیلاب ہے ، اس لیے تمام ادارے ہمہ وقت تیار رہیں۔ وہ متوقع سیلاب سے نمٹنے کیلئے اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ اجلاس میں ممبران صوبائی اسمبلی اجمل چانڈیہ، عون حمید ڈوگر، رانا عبدالمنان اور ڈی پی او سید غضنفر علی شاہ بھی شریک تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے تمام سرکاری محکموں کی چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے افسروں کو ڈیوٹی پر موجود رہنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ دریائی علاقوں سے فوری انخلاء کرایا جائے ، عوام کی جان و مال کی حفاظت اولین ترجیح ہے ۔ لائیو اسٹاک افسران جانوروں کی ویکسی نیشن اور چارے کا انتظام کریں جبکہ ریسکیو 1122 ٹیمیں کشتیوں اور لائف جیکٹس کے ساتھ حساس مقامات پر موجود رہیں۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ پتن پر کشتیوں کی عام سروس بند کرکے صرف انخلاء کیلئے استعمال کی جائے ۔ پی ڈی ایم اے کو تمام تحصیلوں میں ٹینٹ فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ زراعت محکمے کے بلڈوزر آبپاشی کے ساتھ بندوں کی مضبوطی پر مامور ہوں گے ۔ عوام کو اعلانات کے ذریعے فوری محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے ۔