میپکو کوٹ ادو کا آپریشن،11بجلی چور رنگے ہاتھوں پکڑے گئے
17 میٹرز، 2 ٹرانسفارمر اور 540 میٹر کنڈکٹر ضبط، 6 لاکھ 50 ہزارریکوری
کوٹ ادو(ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) میپکو کوٹ ادو ڈویژن میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف بڑا آپریشن کیا گیا۔ آپریشن کی قیادت میجر عامر علی انچارج ڈسکو سپورٹ یونٹ اور انجینئر عبدالواحد چھٹو ایکسین میپکو ڈویژن کوٹ ادو نے کی۔ کارروائی میں ایس ڈی او محمد عربی، میاں سلیم اقبال، خان محمد، شہزاد بشیر لاشاری اور ٹیکنیکل اسسٹنٹ شیخ عبدالجبار بھی شریک تھے ۔آپریشن کے دوران 11 بجلی چوروں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا، 17 میٹرز اور 2 ٹرانسفارمر اتار لیے گئے جبکہ 540 میٹر کنڈکٹر قبضے میں لے لیا گیا۔ مزید 5 افراد کو گرفتار کر کے متعلقہ تھانوں کے حوالے کیا گیا۔نادہندگان سے 6 لاکھ 50 ہزار روپے کی ریکوری بھی عمل میں لائی گئی۔ میجر عامر علی اور انجینئر عبدالواحد چھٹو نے کہا کہ بجلی چوری اور نادہندگی کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ عوام کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے ۔