حادثات کی وجہ حفاظتی اقدامات میں غفلت،ملک خورشید
میپکو غازی سب ڈویژن ڈی جی خان میں لائن سٹاف کیلئے سیفٹی ورکشاپ
ملتان (خصوصی رپورٹر)ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) غازی سب ڈویژن ڈی جی خان میں لائن سٹاف کی پیشہ ورانہ تربیت، فیلڈ ورک میں حفاظتی اقدامات کے مؤثر نفاذ اور حادثات کی روک تھام کے لئے سیفٹی ایکٹیویٹی سیشن منعقد کیا گیا۔ یہ سیشن سپرنٹنڈنگ انجینئر آپریشن ڈی جی خان سرکل ملک خورشید احمد کی ہدایت پر منعقد ہوا، جس میں سیفٹی ٹرینرز اعجاز احمد اور آصف حسین نے شرکت کی۔سیفٹی ٹرینرز نے ٹی اینڈ پی اور پی پی ای پریڈ کے دوران لائن سٹاف کو فراہم کئے گئے تمام آلات کا معائنہ کیا تاکہ یہ یقینی بنایا جاسکے کہ استعمال ہونیوالے ہیلمٹ، دستانے ، سیفٹی بیلٹ، رسیاں، ارتھنگ راڈز، ہائی وولٹیج ڈیٹیکٹرز اور دیگر اوزار مکمل طور پر درست، محفوظ اور قابل استعمال ہیں۔
تمام سامان باقاعدہ چیک کرنے کے بعد عملے کو فراہم کیا گیا۔اس موقع پر سیفٹی انسپکٹر آصف حسین نے لائن سٹاف کو تفصیلی سیفٹی لیکچر دیا، جس میں فیلڈ میں کام کے دوران حفاظتی تقاضوں کی پابندی، ٹاور اور پول پر چڑھنے کے بنیادی اصول، باری باری کام کرنے ، مناسب فاصلہ برقرار رکھنے اور بجلی کے لوڈ سے متعلق خطرات پر خصوصی زور دیا گیا۔عملے کو میپکو میں حال ہی میں پیش آنے والے ایک مہلک اور ایک غیر مہلک حادثے کی تفصیلات بھی بتائی گئیں۔ حادثات کی وجوہات، عملے کی غفلت اور حفاظتی اقدامات کی کمی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا گیا کہ ہر حادثہ ایک اہم سبق فراہم کرتا ہے ۔