بادشاہی طرز کے حکومتی فیصلے قبول نہیں،مفتی عامر

 بادشاہی طرز کے حکومتی فیصلے قبول نہیں،مفتی عامر

آئین کے ساتھ کسی قسم کی چھیڑ چھاڑ قبول نہیں کی جائیگی ،ضلعی امیر جے یوآئی

ملتان (کرائم رپورٹر)جمعیت علماء اسلام ملتان کے ضلعی امیر مفتی عامر محمود نے کہا ہے کہ حکمران ہوش کے ناخن لیں، یہاں جمہوریت ہے بادشاہت نہیں، اس لئے بادشاہی طرز کے فیصلے قابل قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی غلط پالیسیوں کے باعث قوم کی نظریں ایک بار پھر قائد مولانا فضل الرحمن کے مضبوط اور عوام دوست بیانیے پر مرکوز ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ملتان، شجاع آباد اور جلالپور پیروالہ میں یونین کونسل سطح کی تنظیم سازی 25دسمبر تک مکمل کرلی جائے گی جبکہ یوسی سطح پر پرچم کشائی بھی ہوگی۔ ملتان کے 12 صوبائی حلقوں میں مقرر نگران نظماء عوامی رابطہ مہم شروع کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کا بلدیاتی ایکٹ انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے ، جس کے خلاف جے یو آئی ہر سطح پر آواز بلند کرے گی۔ آئین کے ساتھ کسی قسم کی چھیڑ چھاڑ برداشت نہیں کی جائے گی۔مفتی عامر نے بتایا کہ 27 دسمبر کو مدرسہ قاسم العلوم گلگشت میں بڑا کنونشن منعقد ہوگا جس کی صدارت قائد مولانا فضل الرحمن کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ غیر جماعتی بنیادوں پر الیکشن انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے ، اس لئے حکومت کا بلدیاتی ایکٹ مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔ حکومت اختیارات نچلی سطح پر دینے کے بجائے بیوروکریسی کو مضبوط کرنا چاہتی ہے ، ضلع کونسل کو ختم کرنا جمہوری اصولوں کے خلاف اقدام ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں