ڈی پی او خانیوال کے تھانوں کے دورے ،انتظامات کا جائزہ
سکیورٹی انتظامات اور فرنٹ ڈیسک کی جانچ کی،متعلقہ افسروں کو ہدایات جاری
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق خانیوال پولیس عوام کے تحفظ کے لیے ہردم مستعد ہے ۔ اسی سلسلے میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اسماعیل کھاڑک نے رات گئے ضلع بھر کے مختلف تھانہ جات کا اچانک دورہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ڈی پی او نے تھانہ جات میں سنتری ڈیوٹی، حوالات اور دیگر اہم شعبہ جات کا معائنہ کیا۔ فرنٹ ڈیسک پر آن ریکارڈ اندراج، شہریوں کی درخواستوں پر بروقت کارروائی اور ریکارڈ کی تکمیل کا بھی بغور جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ فرنٹ ڈیسک کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ شہریوں کو فوری اور باعزت انصاف فراہم کیا جا سکے ۔دریں اثنا ڈی پی او اسماعیل کھاڑک نے مختلف مقامات پر قائم ناکہ جات کا بھی اچانک وزٹ کیا۔ جہاں ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں کی حاضری، الرٹنس اور مشکوک افراد و گاڑیوں کی چیکنگ کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے اہلکاروں کو الرٹ رہنے اور مشکوک سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایات جاری کیں۔