صحافی عامر اسماعیل پر مقدمات آزادی صحافت پر حملہ قرار
جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات فی الفور خارج کیے جائیں، صحافیوں کا مطالبہ
مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر)خانگڑھ پریس کلب نے صحافی عامر اسماعیل چانڈیہ کے خلاف پولیس کی جانب سے درج کیے گئے مقدمات اور ہراسانی کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ اس حوالے سے خانگڑھ پریس کلب میں منعقدہ جنرل باڈی اجلاس کی صدارت صدر رانا گل شیر نے کی جبکہ اجلاس میں تمام اراکین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔اجلاس میں متفقہ طور پر قرار داد منظور کی گئی جس میں کہا گیا کہ صحافی عامر اسماعیل چانڈیہ پر 16 ایم پی او سمیت مختلف مقدمات کا اندراج آزادی صحافت پر براہِ راست حملہ ہے ۔ شرکاء نے کہا کہ ایک صحافی کا واحد جرم سچ کی آواز بلند کرنا اور عوامی مسائل کو اجاگر کرنا ہے ، مگر اس کے باوجود انہیں انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔قرار داد میں مطالبہ کیا گیا کہ جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات فی الفور خارج کیے جائیں اور صحافیوں کو آئین و قانون کے مطابق آزادی سے فرائض انجام دینے کا موقع دیا جائے ۔ اجلاس میں یہ بھی کہا گیا کہ اگر صحافیوں کو دبانے کی یہ روش نہ روکی گئی تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔آخر میں خانگڑھ پریس کلب نے واضح کیا کہ وہ صحافی عامر اسماعیل چانڈیہ کے ساتھ کھڑے ھیں اور آزادی صحافت کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتے رہے گے ۔