کماد کی کٹائی کا تسلسل برقراررکھا جائے ، محکمہ زراعت
مونڈھی فصل رکھنے کے خواہشمند کاشتکار15جنوری کے بعدکٹائی کریں
ملتان (وقائع نگار خصوصی) ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے کماد کے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ فصل کی کٹائی کا عمل تسلسل کے ساتھ جاری رکھیں۔ ترجمان کے مطابق ستمبر میں کاشتہ کماد اور مونڈھی فصل کو ترجیحی بنیادوں پر کاٹا جائے تاکہ بہتر پیداوار حاصل کی جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ کماد کی کٹائی سطح زمین سے آدھا تا ایک انچ گہری کی جائے ، کیونکہ زمین کے اندر موجود آنکھیں زیادہ صحت مند ماحول میں پھوٹتی ہیں۔ اس طریقۂ کٹائی سے مڈھوں میں موجود گڑوؤں کی سنڈیاں بھی تلف ہو جاتی ہیں، جس سے آئندہ فصل کو نقصان سے بچایا جا سکتا ہے۔
ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق مونڈھی فصل رکھنے کے خواہشمند کاشتکار 15 جنوری کے بعد کٹائی کریں تاکہ فصل بہتر انداز میں دوبارہ نشوونما پا سکے ۔ اس کے ساتھ ساتھ بہاریہ کماد کی کاشت کے لئے زمین کے انتخاب اور دیگر ضروری وسائل کا بروقت بندوبست کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ کورے کے ممکنہ خدشات کے پیش نظر کھڑی فصل، بالخصوص بیج کے لئے تیار کی گئی کماد کی فصل کو مناسب آبپاشی فراہم کی جائے تاکہ فصل کو سردی کے منفی اثرات سے محفوظ رکھا جا سکے ۔ترجمان نے کاشتکاروں پر زور دیا کہ کٹائی کے بعد کماد کو جلد از جلد شوگر ملز تک پہنچایا جائے ، کیونکہ تاخیر کی صورت میں وزن اور ریکوری میں کمی واقع ہو سکتی ہے ، جس سے مالی نقصان کا اندیشہ رہتا ہے ۔