ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ، شہریوں کو مشکلات کا سامنا
سینکڑوں موٹر سائیکلیں ضبط ،شہریوں کے خلاف ایف آئی آرز درج شہریوں کی عزتِ نفس کا تحفظ یقینی بنایا جائے ، سماجی تنظیموں کا مطالبہ
وہاڑی (نمائندہ خصوصی ) حکومتی ہدایات کے تحت ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے خلاف شروع کی گئی پولیس مہم شہریوں کے لیے سہولت کے بجائے خوف اور اذیت کا سبب بن گئی۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے ہیلمٹ نہ پہننے ، کاغذات کی عدم موجودگی اور نمبر پلیٹ نہ ہونے جیسے معمولی معاملات پر سخت رویہ اپناتے ہوئے سینکڑوں موٹر سائیکلیں ضبط کر لیں اور شہریوں کے خلاف ایف آئی آر درج کر دی گئیں۔عام شہری، بالخصوص محنت کش، خواتین، بزرگ اور بچے ، شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہوئے۔
روزمرہ ضروریات کے لیے گھروں سے نکلنے والے شہری سبزی، ادویات کی خریداری، بیماروں کی عیادت اور عزیز و اقارب کی خبرگیری کے لیے جاتے ہوئے پولیس کارروائیوں کی وجہ سے لاچار اور بے بس نظر آئے ۔عوامی حلقوں نے کہا کہ قوانین پر عملدرآمد ضروری ہے ، لیکن عزتِ نفس پامال کرنا درست نہیں۔ سماجی تنظیموں نے بھی یہ مہم غیر معقول قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ قانون کے نفاذ کے دوران شہریوں کی عزتِ نفس کا تحفظ یقینی بنایا جائے ۔ مرکزی انجمن تاجران اور منتخب نمائندوں سے فوری نوٹس لینے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔