نادہندگان و بجلی چوروں کیخلاف آپریشن، 10لاکھ ریکوری
نادہندگان و بجلی چوروں کیخلاف آپریشن، 10لاکھ ریکوری تین ٹیوب ویلوں کے کنکشن منقطع ، تین ٹرانسفارمر،چار میٹر اتار لیے گئے
میلسی (نمائندہ دنیا) میپکو سردار پور جھنڈیر سب ڈویژن کے زیر انتظام علاقوں میں نادہندگان اور بجلی چوروں کے خلاف بڑی کارروائی کی گئی، جس میں دس لاکھ 75 ہزار روپے سے زائد کی ریکوری ہوئی جبکہ ایک بجلی چور رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔سپرنٹنڈنگ انجینئر میپکو سرکل وہاڑی ملک وسیم اختر اور ونگ کمانڈر رینجرز کی زیر نگرانی، ایکشن میپکو ڈویژن میلسی عمار علی رضا صدیقی اور ایس ڈی او سردار پور جھنڈیر سب ڈویژن میلسی محمد تنویر کی قیادت میں میپکو ٹیموں اور رینجرز نے مانجھا کوٹلہ، لدھا بوہڑ، دوکوٹہ، چک نمبر 139 ڈبلیو بی اور 143 ڈبلیو بی میں رننگ اور ڈیڈ ڈیفالٹرز کے خلاف آپریشن کیا۔کارروائی کے دوران واجبات کی عدم ادائیگی پر تین زرعی ٹیوب ویلوں کے بجلی کنکشن منقطع کیے گئے ، تین ٹرانسفارمر اور چار بجلی میٹر بھی اتار لیے گئے ۔ مزید برآں، دورانِ چیکنگ ایک صارف کو بجلی چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا، جس کے خلاف متعلقہ تھانے میں مقدمہ درج کر دیا گیا۔سپرنٹنڈنگ انجینئر ملک وسیم اختر نے کہا کہ نادہندگان اور بجلی چوروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ تمام صارفین کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے ۔