ریلوے ٹریک ، متعلقہ تنصیبات کی حفاظت کیلئے اقدامات شروع
ٹریک پلوں، حساس مقامات پرگشت یقینی بنایا جائے گا،ریجنل افسروں کو مراسلہ
ملتان (خصوصی رپورٹر) پاکستان ریلوے ملتان ڈویژن نے موجودہ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر ریلوے ٹریک اور اس سے متعلقہ تنصیبات کی حفاظت مزید مؤثر بنانے کیلئے اقدامات شروع کر دیئے ہیں۔ ڈویژنل سپرنٹنڈنگ پاکستان ریلوے ملتان محمد حنیف گل کی ہدایات پر مختلف ڈویژنز کے ریجنل پولیس افسران کو مراسلہ ارسال کیا گیا ہے جس میں متعلقہ اضلاع کی پولیس سے ریلوے ٹریک کے ساتھ باقاعدہ اور مؤثر گشت یقینی بنانے کی درخواست کی گئی ہے ۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ریلوے ٹریک، پلوں اور دیگر اہم تنصیبات قومی اثاثے ہیں جن کی حفاظت کیلئے مؤثر سکیورٹی انتظامات انتہائی ضروری ہیں۔ اس سلسلے میں بالخصوص حساس مقامات اور پلوں کے قریب پولیس گشت مزید مؤثر بنانے پر زور دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ تخریبی سرگرمی کو بروقت روکا جا سکے اور ٹرین آپریشن محفوظ رکھا جا سکے ۔