40 کلو ناقص گوشت، 24 لٹر مشروبات، 10 کلو خوراک تلف
ملتان، خانیوال اور وہاڑی میں سویٹس یونٹس سمیت متعدد فوڈ پوائنٹس کا معائنہ
ملتان،وہاڑی، خانیوال (لیڈی رپورٹر،نمائندہ خصوصی، ڈسٹرکٹ رپورٹر)فوڈ سیفٹی ٹیموں کی ملتان، خانیوال اور وہاڑی میں سویٹس یونٹس، کریانہ سٹورز، ریسٹورنٹس، میٹ شاپس اور ملک شاپس سمیت متعدد فوڈ پوائنٹس کی انسپکشن، حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پر بھاری جرمانے ، 40 کلو بدبودار گوشت، 24 لٹر ایکسپائری مشروبات، 10 کلو ناقص خوراک، 3 کلو چائنہ نمک تلف کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق نادران بائی پاس، کیان پور اور وہاڑی روڈ پر واقع 4 ریسٹورنٹس کو کھانوں کی تیاری میں چائنہ نمک کا استعمال کرنے ، فریزر میں باسی خوراک کی سٹوریج ہونے اور خریدوفروخت کا کوئی ریکارڈ موجود نہ ہونے پر مجموعی طور پر 75 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔ اسی طرح چونگی نمبر 1 پر میٹ شاپ پر بدبودار گوشت پائے جانے پر 20 ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا گیا۔علاوہ ازیں 2 ملک شاپس کو دودھ میں فیٹ اور قدرتی غذائیت کی کمی پائے جانے پر 15/15 ہزار روپے کے جرمانے کئے گئے ، چونگی نمبر 22 اور پل مظفرآباد شیر شاہ روڈ پر بھی کارروائیاں کی گئیں۔ عبد الحکیم موٹر وے انٹرچینج پر بیکری کو ایکسپائری مشروبات فروخت کرنے پر 12 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ملتان روڈ کبیروالا پر رکشا میں کم وزن مرغیاں پائی گئی۔ 15 کلو مرغیاں تلف کر کے 25 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ گگو منڈی میں کریانہ سٹور کو پابندی کے باوجود چائنہ نمک فروخت کرنے پر 15 ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا گیا۔