بلدیہ وہاڑی کی دکانوں پرکارروائی ،تاجربرادری سراپا احتجاج
تشدد کے بعد تین گرفتار،تین کے موبائل فون بھی چھین لئے ، 8 دکانیں سیلستر سال پرانے دکانداروں کونشانہ بنایا ،کارروائی عدالتی احکامات کے برعکس قرار
وہاڑی (نمائندہ خصوصی)بلدیہ وہاڑی کی دکانوں پر انتظامی افسروں کی کارروائی کے خلاف تاجر برادری نے شدید احتجاج کیا ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ تحصیل دار اور بلدیہ اہلکاروں نے پیرا فورس کے ہمراہ اسسٹنٹ کمشنر انعم اکرم کے مبینہ حکم پر گول چوک بلدیہ کی دکانوں پر اچانک چھاپہ مارا۔ستر سال سے قائم دکانوں کے دس سے زائد دکانداروں کو نشانہ بنایا گیا اور تین دکانداروں خالد وغیرہ کو گاہکوں کی موجودگی میں مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنا کر گرفتار کر لیا گیا۔عینی شاہدین کے مطابق ویڈیو بنانے والے تین افراد کے موبائل فون بھی چھین لئے گئے جبکہ آٹھ سے زائد دکانیں سیل کر دی گئیں۔ مرکزی انجمن تاجران کے صدر ارشاد حسین بھٹی، سینئر نائب صدر میاں ساجد آصف، جنرل سیکرٹری راؤ خلیل احمد اور سابق کونسلر حکیم محمد سعید کی مداخلت پر ایک میڈیکل سٹور کو سیل ہونے سے بچا لیا گیا۔متاثرین کا کہنا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ ملتان بینچ کے حکم کے بعد دکانوں کی نیلامی روک دی گئی تھی اور بلدیہ پرانے کرائے وصول کر رہی ہے ، بغیر نوٹس اچانک کارروائی کرنا عدالتی احکامات کے خلاف ہے ۔ تاجر رہنماؤں نے وزیر اعلیٰ اور کمشنر سے انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔