انتظامیہ ، سول سوسائٹی کی پاک فوج سے اظہاریکجہتی کیلئے ریلیاں
پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ ،ملکی دفاع کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار
ملتان ،وہاڑی، میلسی(وقائع نگار خصوصی،خبر نگار، نمائندہ دنیا)ضلعی انتظامیہ اور سول سوسائٹی کی پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے مختلف شہروں میں ریلیاں۔ملتان میں ریلی ضلع کونسل ہال سے شروع ہوکر چوک کچہری پر اختتام پذیر ہوئی، جس میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔ ریلی میں اسسٹنٹ کمشنر سٹی ازکیٰ سحر، سی ای او میونسپل کارپوریشن اقبال خان، تاجر برادری، وکلا، سماجی تنظیموں کے نمائندگان اور سول سوسائٹی کے افراد شامل تھے ۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی نے کہا پوری قوم اپنی بہادر پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے اور ملکی دفاع کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہے ۔ وہاڑی میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر انعم اکرم نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے افواجِ پاکستان کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔ ،امن و استحکام کے لیے ہم سب متحد ہیں ۔دیگر مقررین نے کہا کہ کسی بھی بیرونی عناصر کو پاکستان میں مداخلت کرنے یا دہشت گردی پھیلانے کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، ریلی میں پاکستان کی سلامتی ، استحکام اور امن کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی ۔ صدر مرکزی انجمن تاجران ارشاد حسین بھٹی ، جنرل سیکرٹری راؤ خلیل احمد ،مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے ریلی میں بھرپور شرکت کی۔میلسی میں اسسٹنٹ کمشنر سعد بن خالد، ڈی ایس پی چودھری سعید احمد سیال اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی مہر اویس اقبال کی قیادت میں ریلی نکالی گئی۔ اسسٹنٹ کمشنر سعد بن خالد اور ڈی ایس پی چوہدری سعید احمد سیال نے کہا کہ پاک فوج ملکی سالمیت، خودمختاری اور سرحدوں کے دفاع کی ضامن ہے اور پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کی ہر سازش کو پاک فوج نے ہمیشہ جرات اور بہادری سے ناکام بنایا ہے جبکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افواجِ پاکستان نے بے مثال قربانیاں دے کر ملک میں امن قائم کیا جس پر پوری قوم انہیں خراجِ تحسین پیش کرتی ہے ۔