گیس کی مقررہ نرخوں پر فروخت یقینی بنائی جائے ،سلیمان
ایل پی جی 500روپے کلو تک فروخت کی جارہی، حکام فوری نوٹس لیں
ملتان (لیڈی رپورٹر)مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے مرکزی چیئرمین خواجہ سلیمان صدیقی، عاصم اقبال ایوبی کھوکھر، چودھری ریاض شاہین، صدر چودھری خالد صغیر، چودھری عبدالحمید جٹ، ملک حافظ شہزاد، محمد شہباز قریشی، محمد فیصل غوری اور میاں مقبول قریشی نے کہا ہے کہ ملتان اور گرد و نواح میں سوئی گیس کی طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث ایل پی جی مافیا نے من مانے نرخ مقرر کر رکھے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایل پی جی کی قیمت 500 روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے۔ جبکہ سرکاری ریٹ 308 روپے فی کلو ہے ، لیکن انتظامیہ کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی۔ان کا کہنا تھا کہ گیس کی بندش کے باعث گھریلو زندگی شدید متاثر ہو رہی ہے ، شہریوں، طلبہ اور دفاتر جانے والوں کو بغیر ناشتہ اور کھانے کے گھروں سے نکلنا پڑ رہا ہے جبکہ ہوٹلز اور چھوٹے کاروبار بھی بری طرح متاثر ہیں۔تاجروں نے کہا کہ بعض صنعتی اداروں کو بلاتعطل گیس فراہم کی جا رہی ہے جبکہ عام شہری گیس سے محروم ہیں، جو سراسر ناانصافی ہے ۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر صورتحال بہتر نہ کی گئی تو تاجر برادری سول سوسائٹی کے ساتھ مل کر احتجاج پر مجبور ہو گی اور اس کی ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوگی۔