لاپتہ ہونیوالی بچی لاڑکانہ سے بازیاب، بھائی گرفتار
کرن کو بھائی عمر دراز نے اغوا کیا دوران تفتیش اعتراف بھی کرلیا
جہانیاں ( نمائندہ دنیا)لاپتہ ہونیوالی بچی لاڑکانہ سے بازیاب، بھائی کو گرفتار کرلیا گیا نواحی گاؤں 137 دس آر کھدو والا کے رہائشی شہباز علی سندا سیال کی گیارہ سالہ بیٹی کرن شہباز تین روز قبل لاپتہ ہو گئی تھی جس پر ورثاء نے اغواء کا خدشہ ظاہر کیا اور تھانہ ٹھٹھہ صادق آباد پولیس کو اطلاع دی جس پر فوری مقدمہ درج کیا گیا ڈی پی او خانیوال محمد عابد کی ہدایت پر پولیس ٹیمیں تشکیل دی گئیں جنہوں نے ایس پی جہانیاں ملک عبدالمجید اور ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر مہر سعید سیال کی نگرانی میں ایس ایچ او ملک سرفراز بھمبر سمیت دیگر اہلکاروں کے ہمراہ جدید ٹیکنالوجی اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے تحقیقات کیں 48 گھنٹوں کی انتھک محنت کے بعد پولیس نے اہم پیش رفت حاصل کرتے ہوئے مشکوک افراد کو حراست میں لیا جس دوران تفتیش میں انکشاف ہوا کہ مغوی بچی کے سگے بھائی عمر دراز نے ہی اغواء کا اعتراف کر لیا جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بچی کو لاڑکانہ سندھ سے بحفاظت بازیاب کر لیا اور اسے واپس تھانہ ٹھٹھہ صادق آباد منتقل کر دیا گیا جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے ۔