مختلف وارداتیں، کار چھینی گئی، چوری کے مقدمات درج
سنانواں موڑ سے کار اورنقدی چوری اور ٹرانسفارمر سامان غائب، کارروائی شروع
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر )کوٹ ادو کے مختلف علاقوں میں کار چھیننے ، نقدی چوری اور ٹرانسفارمر سے سامان غائب ہونے کے الگ الگ واقعات پیش آئے جن پر پولیس نے مقدمات درج کر کے کارروائی شروع کر دی ہے تفصیل کے مطابق تھانہ صدر سرور شہید کے علاقہ سنانواں موڑ کے قریب مسلح افراد نے ڈرائیور سے اسلحہ کے زور پر کار اور موبائل فون چھین لیا ارشاد حسین شیخ نے پولیس کو بتایا کہ وہ محمد عمران آرائیں کی آلٹو کار بطور رینٹ چلا رہا تھا کہ این بی پی بینک مظفرگڑھ کے سامنے سے دو نامعلوم افراد نے گاڑی کرایہ پر حاصل کی اور بعد ازاں سنانواں موڑ کے قریب ویران علاقے میں لے جا کر اسے تشدد کا نشانہ بنایا اور کپڑے پھاڑ کر گاڑی اور موبائل چھین کر فرار ہو گئے دوسرے واقعہ میں تھانہ صدر کوٹ ادو کے علاقہ تونسہ موڑ ہیڈ تونسہ بیراج کے قریب ایک الیکٹرک شاپ پر نوسربازی کے ذریعے 60 ہزار روپے نقدی چوری کر لی گئی مدعی محمد عارف کے مطابق نامعلوم شخص موٹر سائیکل پر آیا اور خریداری کے بہانے چینج کرواتے ہوئے کاؤنٹر سے رقم چکما دے کر نکال کر فرار ہو گیا تیسرے واقعہ میں تھانہ صدر سرور شہید کے علاقہ چک نمبر 133 ایم ایل میں سرکاری ٹیوب ویل کے ٹرانسفارمر سے نامعلوم چور قیمتی سامان چوری کر کے لے گئے اطلاع 15 پر پولیس موقع پر پہنچی اور ابتدائی کارروائی کے بعد نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے ۔