انڈسٹریل اسٹیٹ مسائل، افہام و تفہیم سے حل کر لئے ،بختاور
باؤنڈری وال و گرین بیلٹ منصوبہ، مشترکہ کمیٹی قائم، ایم این اے کی شرکت
ملتان (لیڈی رپورٹر)انڈسٹریل اسٹیٹ بورڈ آف مینجمنٹ کے صدر میاں بختاور تنویر شیخ کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں باؤنڈری وال اور گرین بیلٹ اپ گریڈیشن منصوبے کے حوالے سے مقامی رہائشیوں کے مسائل باہمی افہام و تفہیم سے حل کر لئے گئے ۔اس موقع پر رکن قومی اسمبلی سید علی قاسم گیلانی نے مقامی رہائشی نمائندگان کے ہمراہ بورڈ آف مینجمنٹ کے دفتر کا دورہ کیا اور صدر میاں بختاور تنویر شیخ سے تفصیلی ملاقات کی۔ ملاقات میں ترقیاتی منصوبوں اور عوامی سہولیات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں سینئر نائب صدر سلیم اختر صدیقی، مسعود الرحمن، ممبران بورڈ اور دیگر متعلقہ افسر بھی موجود تھے ۔
صدر میاں بختاور تنویر شیخ نے رہائشیوں کے مسائل توجہ سے سنے اور فوری حل کے لئے اقدامات کا اعلان کیا۔
انہوں نے بتایا کہ نادر آباد فلائی اوور کے قریب سڑک کے دونوں اطراف گرین بیلٹ کی تزئین و آرائش اور باؤنڈری وال کی تعمیر کا کام جاری ہے ۔ منصوبے کی نگرانی کے لئے مشترکہ کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے ۔ایم این اے سید علی قاسم گیلانی نے کہا کہ مسائل کے حل کے لئے مثبت طرزِ عمل اپنایا جا رہا ہے اور مقامی افراد کو روزگار میں ترجیح دینے کی ضرورت ہے تاکہ علاقے کی ترقی اور عوامی بہتری ممکن ہو سکے ۔ اجلاس کے اختتام پر یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔