پیکٹا نے نویں جماعت کے چار مضامین کی پیئرنگ تیار کرلی
تمام تعلیمی بورڈز کو فوری عملدرآمد کا حکم، ماڈل پیپرز ویب سائٹ پر جاری
ملتان (خصوصی رپورٹر)پنجاب ایجوکیشن کریکولم، ٹریننگ اینڈ اسسمنٹ اتھارٹی (پیکٹا) نے نویں جماعت کے چار مضامین کے لئے عملی ماڈل پیپرز اور پیئرنگ سکیم کو حتمی شکل دے دی۔ ان مضامین میں زرعی علوم، صحت کے علوم، فیشن ڈیزائننگ اور اطلاعاتی و مواصلاتی ٹیکنالوجی شامل ہیں۔ ماڈل پیپرز تمام بورڈز آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کو ارسال کر دیئے گئے جبکہ انہیں ویب سائٹ پر بھی جاری کر دیا گیا ہے ۔جاری کردہ سکیم کے مطابق زرعی علوم کے عملی پرچے کے کل 35 نمبر ہوں گے اور دورانیہ دو گھنٹے مقرر کیا گیا ہے ۔ طلبہ کو مختلف عملی سرگرمیوں میں سے انتخاب کا اختیار ہوگا جن میں فصلوں کے بیجوں اور پودوں کی شناخت سمیت دودھ کی جانچ شامل ہے ۔ صحت کے علوم میں بھی 35 نمبر اور دو گھنٹے کا وقت رکھا گیا ہے ، جس میں طلبہ پھیپھڑوں کی کارکردگی، آکسیجن کی مقدار، بلڈ پریشر اور ابتدائی طبی امداد سے متعلق مہارتیں دکھائیں گے ۔فیشن ڈیزائننگ کے عملی امتحان میں تخلیقی صلاحیتوں کو جانچا جائے گا، جبکہ اطلاعاتی و مواصلاتی ٹیکنالوجی میں کمپیوٹر پر عملی کام اور مختلف سافٹ ویئرز کے استعمال کی جانچ ہوگی۔پیکٹا حکام کے مطابق یہ ماڈل پیپرز اور پیئرنگ سکیم طلبہ و اساتذہ کے لئے رہنمائی فراہم کریں گے تاکہ عملی امتحانات کی تیاری کو معیاری اور یکساں بنایا جا سکے ۔ ماہرین تعلیم کا کہنا ہے کہ ان جدید مضامین کا اضافہ طلبہ میں ہنر اور روزگار کے مواقع بڑھانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ واضح رہے کہ یہ ماڈل پیپرز صرف نویں جماعت کے لئے مختص ہیں اور متعلقہ تعلیمی بورڈز انہیں اپنے دائرہ اختیار میں نافذ کریں گے ۔