ایچ ای سی، اسناد کا تصدیقی عمل ڈیجیٹلائز کردیا گیا
فزیکل تصدیق ختم، نیا آن لائن تصدیقی نظام 30جون سے نافذ
ملتان (خصوصی رپورٹر) تعلیمی اسناد کی تصدیق کے نظام میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے ، ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)نے مکمل ڈیجیٹل ڈگری اٹیسٹیشن سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے ، جس کے تحت فزیکل ویری فکیشن ختم کر دیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق نئے نظام کا مقصد تصدیقی عمل کو تیز، شفاف اور صارف دوست بنانا ہے ۔ اس ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے درخواست دہندگان اپنی ڈگریوں اور دیگر اسناد کی تصدیق کے لئے آن لائن درخواست جمع کرا سکیں گے اور گھر بیٹھے مکمل پراسس کی ٹریکنگ بھی کر سکیں گے ۔ایچ ای سی حکام کا کہنا ہے کہ اس نظام کے تحت فزیکل دستاویزات جمع کرانے کی شرط ختم کر دی جائے گی، جس سے طویل قطاروں، کاغذی کارروائی اور دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ اس اقدام سے وقت کی بچت کے ساتھ ساتھ کرپشن اور جعلسازی کے امکانات میں بھی کمی آئے گی۔مزید برآں اس منصوبے میں جدید بلاک چین ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی، جس کے ذریعے تصدیق کا عمل محفوظ اور ناقابلِ ردوبدل بنایا جائے گا۔ ہر تصدیق شدہ دستاویز کا ریکارڈ محفوظ ڈیجیٹل لیجر میں رکھا جائے گا جس تک مجاز اداروں کو رسائی حاصل ہوگی۔ذرائع کے مطابق ایچ ای سی نے اس نظام کی تیاری کے لئے سی ایم پاک لمیٹڈ کے ساتھ معاہدہ کر لیا ہے ، جبکہ منصوبہ 30 جون 2026 تک مکمل طور پر فعال ہو جائے گا۔ ماہرین کے مطابق اس اقدام سے تعلیمی نظام کی ساکھ بہتر ہوگی اور طلبہ کو سہولت ملے گی۔