گندم خریدیاری، صحت پالیسی پر شدید تحفظات،عون عباس

گندم خریدیاری، صحت پالیسی پر شدید تحفظات،عون عباس

جنوبی پنجاب میں ایڈز پھیلاؤ، بچوں کی اموات تشویشناک ہیں، پریس کانفرنس

ملتان (لیڈی رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر و صدر جنوبی پنجاب عون عباس بپی نے ملتان پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جنوبی پنجاب کے ہسپتالوں، صحت کے نظام اور گندم خریداری پالیسی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ بی بی سی رپورٹ کے مطابق تونسہ شریف کے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال میں مبینہ طور پر استعمال شدہ سرنجز کے دوبارہ استعمال سے بچوں میں ایڈز کے کیسز سامنے آئے ہیں، جہاں تقریباً 331 بچوں میں بیماری کی تشخیص ہوئی جن میں سے متعدد کی اموات بھی رپورٹ ہو چکی ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ابتدائی تحقیقات کے باوجود ذمہ داران کے خلاف مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔عون عباس بپی نے مزید کہا کہ نشتر ہسپتال میں بھی مبینہ طور پر استعمال شدہ ڈائلیسز کٹس کے باعث مریض متاثر ہوئے ، جبکہ صحت کے اداروں میں حفاظتی اقدامات کی کمی تشویشناک ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام سرکاری ہسپتالوں میں فوری طور پر انکوائری کر کے ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے ۔انہوں نے گندم بحران پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں کو ان کی فصل کا مناسب ریٹ نہیں مل رہا اور سرکاری خریداری نہ ہونے سے ان کی محنت ضائع ہو رہی ہے ۔ ان کے مطابق مہنگائی اور بیروزگاری نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے جبکہ حکومت عوامی ریلیف میں ناکام ہے ۔پریس کانفرنس میں چودھری خالد جاوید وڑائچ، راؤ آصف انور، مخدوم عامر عباس اور دیگر رہنما بھی موجود تھے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں