کاشتکاروں میں قرعہ اندازی کے ذریعے لیزر لینڈ لیولرز تقسیم

 کاشتکاروں میں قرعہ اندازی کے ذریعے لیزر لینڈ لیولرز تقسیم

ضلع مظفرگڑھ سے 98درخواستیں شامل،23کسانوں کو جدید مشینیں ملیں گی

مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر زرعی شعبہ کی بہتری، کسانوں کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ اور آبپاشی کے دوران پانی کے مؤثر استعمال کیلئے ‘‘وزیراعلیٰ پنجاب زرعت میں پانی کے مؤثر استعمال کا منصوبہ’’ شروع کر دیا گیا۔ اس سلسلے میں ضلع کونسل مظفرگڑھ کے ہال میں کاشتکاروں میں قرعہ اندازی کے ذریعے لیزر لینڈ لیولرز کی تقسیم کیلئے تقریب منعقد ہوئی۔تقریب میں وفاقی پارلیمانی سیکرٹری پاور ڈویژن سردار عامر طلال خان گوپانگ، صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے ہائیر ایجوکیشن سردار محمد اجمل خان چانڈیہ، ارکان صوبائی اسمبلی سردار نواب خان اور سید سبطین شاہ بخاری نے ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ کے ہمراہ بطور مہمانان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر اصلاح آبپاشی زاہد حسین، ڈپٹی ڈائریکٹر سید صفدر حسین اور دیگر افسران کے علاوہ کاشتکاروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ڈپٹی ڈائریکٹر اصلاح آبپاشی سید صفدر حسین نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع مظفرگڑھ سے 98 درخواستیں قرعہ اندازی میں شامل کی گئیں جن میں سے 23 کسانوں کو لیزر لینڈ لیولرز فراہم کیے جائیں گے ۔ تحصیل مظفرگڑھ کیلئے 12، جتوئی کیلئے 7 اور علی پور کیلئے 4 مشینیں مختص کی گئی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب ہر کسان کو 6 لاکھ روپے تک سبسڈی دے رہی ہے تاکہ جدید مشینری آسانی سے حاصل کی جا سکے ۔ مہمانان خصوصی نے کہا کہ اس اقدام سے پانی کی بچت اور زرعی پیداوار میں نمایاں اضافہ ممکن ہوگا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں