وہاڑی ،یوم مزدورپر محنت کشوں کو خراجِ تحسین پیش

وہاڑی ،یوم مزدورپر محنت کشوں کو خراجِ تحسین پیش

جمعیت علماء اسلام کی قیادت کا مزدوروں کی محنت اور حقوق کے تحفظ پر زور

وہاڑی (خبرنگار، نمائندہ خصوصی) ضلعی امیر جمعیت علماء اسلام پیر قاری محمد صدیق اور جنرل سیکرٹری مولانا عمر فاروق نعمانی نے یکم مئی مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر کہا ہے کہ آج کا دن ان محنت کش ہاتھوں کے نام ہے جن کی محنت سے یہ دنیا چلتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ انجن کی آواز سے لے کر عمارت کی اینٹ تک، فیکٹری کی مشین سے لے کر کھیت کی فصل تک ہر شعبہ زندگی میں کامیابی اور ملک کی ترقی کے پیچھے ایک مزدور کا پسینہ شامل ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ محنت کبھی چھوٹی نہیں ہوتی اور جو ہاتھ کام کرتے ہیں وہی قومیں بناتے ہیں۔رہنماؤں نے کہا کہ آج کے دن ہم اپنے محنت کش بھائیوں اور بہنوں کو سلام پیش کرتے ہیں جو اپنی محنت، دیانت اور لگن سے ملک کی ترقی میں بنیادی کردار ادا کر رہے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ مزدور ہمارے معاشرے کی ریڑھ کی ہڈی ہیں

 اور ان کی محنت، مشقت اور قربانیوں کے بغیر ترقی کا خواب ادھورا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ دن ہمیں اس عزم کی یاد دلاتا ہے کہ ہم مزدوروں کے حقوق کا تحفظ کریں اور انہیں بہتر اجرت اور محفوظ کام کے ماحول کی فراہمی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں۔رہنماؤں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مزدوروں کے حقوق اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اس دن کے موقع پر ہم سب مل کر مزدوروں کی عزت، حقوق اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کریں تاکہ ایک ایسا معاشرہ تشکیل دیا جا سکے جہاں ہر محنت کش کو اس کی محنت کا پورا صلہ مل سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں