بیوہ خواتین کی فنی تربیت وقت کی اہم ضرورت،طاہرہ انجم

بیوہ خواتین کی فنی تربیت وقت کی اہم ضرورت،طاہرہ انجم

بے وسیلہ خواتین کو برسر روزگار بنانے سے خاندان کی بہتر کفالت ممکن

ملتان (لیڈی رپورٹر)اپواء ملتان کے زیر اہتمام چار ماہ پر مشتمل سلائی کڑھائی کورس مکمل کرنے والی 15 بیوہ خواتین میں اسناد تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔تقریب میں ایگزیکٹو ممبر اپواء ملتان طاہرہ نجم، پرنسپل عابدہ اشفاق، ایگزیکٹو ممبر یاسمین بخاری سمیت دیگر خواتین نے شرکت کی۔ مہمانوں نے کورس مکمل کرنے والی خواتین میں اسناد تقسیم کیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے طاہرہ نجم نے کہا کہ بیوہ خواتین کو فنی تربیت فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ وہ اپنے پاؤں پر کھڑی ہو سکیں اور باعزت طریقے سے اپنے خاندان کی کفالت کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ تربیت خواتین کے معاشی مستقبل کو بہتر بنانے اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔

پرنسپل عابدہ اشفاق اور یاسمین بخاری نے اس اقدام کو مثبت اور مؤثر کاوش قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ مشن آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین ہنر سیکھ کر خودمختار بن سکیں۔انہوں نے کہا کہ تربیت یافتہ خواتین مزید خواتین کو بھی تربیت فراہم کریں گی، جس سے دیے سے دیا جلنے  کی مثال قائم ہوگی اور معاشی بہتری کے ساتھ غربت میں کمی لانے میں بھی مدد ملے گی۔تقریب کے اختتام پر کورس کامیابی سے مکمل کرنے والی 15 خواتین میں اسناد تقسیم کی گئیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں