میپکو کا بجلی چوروں، نادہندگان کیخلاف آپریشن جاری

میپکو کا بجلی چوروں، نادہندگان کیخلاف آپریشن جاری

وہاڑی، لیہ، بہاولپور میں کارروائیاں، یزمان میں اہلکاروں پر حملہ، مقدمات

ملتان (خصوصی رپورٹر) میپکو ریجن میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف آپریشن جاری ہے ۔ وہاڑی، لیہ، بہاولپور اور پاکپتن میں کارروائیوں کے دوران متعدد بجلی چور پکڑے گئے جبکہ لاکھوں روپے کی ریکوری بھی کی گئی۔ٹھینگی سب ڈویژن وہاڑی میں بستی مکھانہ کے علاقے میں کارروائی کے دوران 4 بجلی چوری کے کیسز پکڑے گئے ۔ ٹیم نے غیر قانونی تار اور میٹرز اتار کر متعلقہ صارفین کے خلاف مقدمات درج کرانے کیلئے درخواستیں ارسال کر دیں۔کروڑ لعل عیسن لیہ میں مشترکہ فورسز نے مختلف علاقوں میں آپریشن کرتے ہوئے 2 بجلی چور پکڑ لئے جبکہ 6 نادہندگان کے کنکشن منقطع کرکے میٹرز اور تار اتارلئے۔

کارروائی کے دوران 11 لاکھ روپے سے زائد واجبات بھی وصول کئے گئے ۔ہیڈ راجکان بہاولپور میں 55 لاکھ 70 ہزار روپے واجبات کی عدم ادائیگی پر 4 زرعی ٹیوب ویلوں کے سولر انورٹرز، موٹریں، میٹرز اور کیبل اتار لی گئی جبکہ ڈیڑھ لاکھ روپے وصول کئے گئے ۔ادھر یزمان بہاولپور میں بجلی چوری پکڑنے پر ملزموں نے میپکو اہلکاروں پر حملہ کر دیا۔ تشدد کے دوران دو اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ ملازمین کو یرغمال بنا کر نقدی، موبائل فون اور موٹر سائیکل چھین لی گئی۔ پولیس نے نامزد ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کر دی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں