خواجہ شفیق تاجروں کے حقیقی نمائندے ہیں،ظفر صدیقی
ملتان (لیڈی رپورٹر)چیمبر آف سمال ٹریڈرز کے عہدیداروں ظفر اقبال صدیقی، احتشام الحق، شیخ طاہر امجد، حاجی اصغر اکبر، عزیز الرحمن انصاری اور دیگر نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ خواجہ محمد شفیق ملتان کے تاجروں کے حقیقی منتخب نمائندے ہیں۔
جبکہ بعض افراد بلاجواز تنقید اور الزامات کے ذریعے سستی شہرت حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حالیہ چیمبر انتخابات کے انعقاد سے تاجروں کو اپنی قیادت منتخب کرنے کا موقع ملا اور اس عمل نے شہر کی تاجر سیاست میں ایک نئی مثال قائم کی۔ ان کے مطابق انتخابات میں تاجروں کی بھرپور شرکت نے واضح کر دیا کہ چیمبر آف سمال ٹریڈرز ہی شہر کی نمائندہ تاجر تنظیم ہے ۔عہدیداروں کا کہنا تھا کہ بعض مخالف رہنما انتخابات میں حصہ نہ لینے کے باعث اب تنقید کا راستہ اختیار کر رہے ہیں۔، حالانکہ تاجر برادری کی اکثریت انتخابی عمل میں شریک ہوئی اور اپنی رائے کا اظہار کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ متعدد تاجر نمائندوں نے انتخابی عمل میں حصہ لے کر موجودہ قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ خواجہ محمد شفیق کی قیادت، دیانت داری اور تاجر برادری کے لئے خدمات کسی سے پوشیدہ نہیں۔ ان کے بقول شہر کے تاجروں اور عوام کی بڑی تعداد ان کی ساکھ اور کردار پر اعتماد رکھتی ہے ۔ عہدیداروں نے کہا کہ تاجر برادری کے اتحاد اور مسائل کے حل کے لئے مثبت کردار ادا کرنا وقت کی ضرورت ہے ، جبکہ بے بنیاد الزامات اور ذاتی تنقید سے گریز کیا جانا چاہیے ۔