چک 578 ٹی ڈی اے ،نامعلوم خاتون پراسرار طور پر جاں بحق
چک 578 ٹی ڈی اے ،نامعلوم خاتون پراسرار طور پر جاں بحقپولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دی، تحقیقات جاری
چوک سرور شہید (نمائندہ دنیا) تحصیل چوک سرور شہید کی نواحی بستی چک نمبر 578 ٹی ڈی اے میں ایک نامعلوم خاتون پراسرار طور پر جاں بحق ہو گئی۔پولیس کے مطابق خاتون کی لاش ایک چارپائی پر موجود تھی جبکہ ابتدائی معائنے میں جسم پر تشدد یا زخموں کے کوئی واضح نشانات نہیں ملے ۔تھانہ صدر چوک سرور شہید کو اطلاع ملی کہ مذکورہ بستی میں تقریباً 35 سے 40 سال عمر کی ایک نامعلوم خاتون مردہ حالت میں موجود ہے ۔ اطلاع پر ایس ایچ او ندیم حیدر پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور قانونی کارروائی شروع کر دی۔پولیس کے مطابق خاتون رات کے وقت خیرات مانگنے کے لیے علاقے میں آئی تھی اور مقامی افراد نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اسے چارپائی فراہم کی، تاہم صبح وہ مردہ حالت میں پائی گئی۔پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ٹی ایچ کیو ہسپتال چوک سرور شہید منتقل کر دیا ہے جہاں شناخت کے لیے رکھا گیا ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ موت کی وجوہات جاننے کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔