پاکستان، آسٹریلیا کا تجارتی واقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق

پاکستان، آسٹریلیا کا تجارتی واقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق

پاکستان، آسٹریلیا کا تجارتی واقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق آسڑیلین ہائی کمیشن کے ٹریڈ انویسٹمنٹ آفیسر اظہر شاہ کا دورہ ایوان تجارت

ملتان (لیڈی رپورٹر)آسٹریلین ہائی کمیشن اسلام آباد کے ٹریڈ، انویسٹمنٹ اینڈ ایجوکیشن آفیسر اظہر شاہ نے ایوانِ تجارت و صنعت ملتان کا دورہ کیا اور قائمقام صدر اظہر بلوچ سمیت سینئر عہدیداروں سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تجارتی تعلقات، سرمایہ کاری، فنی تربیت اور برآمدات کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر سابق صدور خواجہ محمد حسین، خواجہ محمد عثمان، ممبر ایگزیکٹو کمیٹی سید ثاقب علی، سیکرٹری جنرل محمد شفیق اور اسسٹنٹ سیکرٹری ساجد انصاری بھی موجود تھے ۔

قائمقام صدر اظہر بلوچ نے کہا کہ جنوبی پنجاب زراعت، ڈیری فارمنگ اور زرعی صنعتوں کے حوالے سے اہم خطہ ہے ، جہاں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے فارماسیوٹیکل اور ڈیری سیکٹر میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔خواجہ محمد حسین نے کہا کہ ملتان میں فوڈ پروسیسنگ، کنفیکشنری، سالونٹس اور پیسٹی سائیڈز کے شعبوں میں صنعتی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے ، جس سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔اظہر شاہ نے کہا کہ پاکستانی کاروباری برادری بین الاقوامی تجارتی میلوں میں شرکت کے ذریعے نئی منڈیوں تک رسائی حاصل کر سکتی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوطرفہ تجارتی حجم تقریباً 600 ملین ڈالر ہے ۔، جس میں مزید اضافے کے روشن امکانات موجود ہیں۔انہوں نے جنوبی پنجاب میں جدید ٹریننگ انسٹی ٹیوٹس کے قیام اور نوجوانوں کی پیشہ ورانہ تربیت کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں