میپکو ترسیلی نظام بیٹھ گیا، گھنٹوں لوڈشیڈنگ

میپکو ترسیلی نظام بیٹھ گیا، گھنٹوں لوڈشیڈنگ

گرمی بڑھتے ہی ٹرپنگ شروع، شہریوں کی قیمتی اشیاء جلنے کے واقعات بڑھ گئے ، مکین ذہنی اذیت کا شکار، اوورلوڈ فیڈرز، بوسیدہ تار، ناکافی ٹرانسفارمرز سے صورتحال سنگین لوڈشیڈنگ سے کاروبار متاثر، عوام کا سکون تباہ، ترسیلی نظام اپ گریڈ کرنے کیلئے ہنگامی اقدامات ، نقصان کا ازالہ، عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے ، شہریوں کا حکومت سے مطالبہ

ملتان(خصوصی رپورٹر)شدید گرمی کی لہر اور بجلی کے بڑھتے ہوئے استعمال کے باعث میپکو کا ترسیلی نظام دباؤ برداشت نہ کرسکا، مختلف علاقوں میں بار بار ٹرپنگ، اچانک بجلی بند ہونے اور وولٹیج میں شدید اتار چڑھاؤ کے باعث شہریوں کی قیمتی گھریلو اشیاء جل گئیں جبکہ کاروباری سرگرمیاں بھی بری طرح متاثر ہوکر رہ گئیں ۔بتایا گیا ہے کہ شہر اور گردونواح کے متعدد علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی جاری ہے ۔صارفین کے مطابق دن اور رات کے اوقات میں متعدد بار بجلی ٹرپ ہونے سے ائیر کنڈیشنرز، فریج، پنکھے ، یو پی ایس، موٹریں اور دیگر برقی آلات خراب ہوگئے ہیں۔ بعض علاقوں میں کم وولٹیج کے باعث شہری شدید ذہنی اذیت میں مبتلا ہیں جبکہ شدید حبس اور گرمی نے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے ۔متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ بجلی کی بار بار بندش اور اچانک بحالی سے گھریلو اشیاء جلنے کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے لیکن میپکو حکام شکایات کے باوجود مسئلے کے مستقل حل میں ناکام دکھائی دے رہے ہیں ۔گرمی شروع ہوتے ہی میپکو کا ترسیلی نظام جواب دے گیا ہے اور اوور لوڈ فیڈرز، بوسیدہ تاروں اور ناکافی ٹرانسفارمرز کے باعث صورتحال سنگین اختیار کرچکی ہے ۔ذرائع کے مطابق کئی علاقوں میں ٹرانسفارمرز پر اضافی لوڈ پڑنے سے وہ بار بار ٹرپ کررہے ہیں جبکہ بعض مقامات پر ٹرانسفارمر جلنے کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا کہ گرمی کے موسم میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں، خراب ٹرانسفارمرز فوری تبدیل کئے جائیں اور متاثرہ صارفین کو نقصان کا ازالہ فراہم کیا جائے ۔دوسری جانب تاجر تنظیموں اور سماجی حلقوں نے بھی بجلی کی غیر یقینی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلسل ٹرپنگ اور لوڈ شیڈنگ سے کاروبار تباہ ہورہے ہیں ۔شہریوں نے وفاقی وزارت توانائی اور میپکو حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ترسیلی نظام کو اپ گریڈ کرنے کے لئے فوری عملی اقدامات کئے جائیں تاکہ عوام کو شدید گرمی میں ریلیف مل سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں