گیس کی طویل لوڈشیڈنگ، ایل پی جی کی قیمتیں آسمان پر
شہری مہنگائی کے بوجھ تلے دب گئے ، گیس فراہمی ،قیمتیں کنٹرول کا مطالبہ
کوٹ ادو،چوک سرورشہید (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار، نمائندہ دنیا) شہر میں گھریلو صارفین کے لیے سوئی گیس کی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے ، جبکہ ایل پی جی کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں۔تفصیل کے مطابق سوئی ناردرن گیس کمپنی کی جانب سے چوک سرورشہید میں گھریلو صارفین کو 24 گھنٹے میں صرف 3 سے 4 گھنٹے سوئی گیس کی فراہمی کی جا رہی ہے ، جس کے باعث گھریلو خواتین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ محدود گیس فراہمی کے باعث روزمرہ امور متاثر ہو رہے ہیں، اور کھانا پکانے میں بھی دشواری پیش آ رہی ہے ۔، کیونکہ ایک وقت روٹی تیار ہو جاتی ہے تو کھانا نہیں پک پاتا اور اگر کھانا تیار کیا جائے تو روٹی نہیں بن پاتی۔شہریوں کے مطابق سوئی گیس کی عدم دستیابی کے باعث وہ مجبوراً ایل پی جی سلنڈر استعمال کر رہے ہیں، تاہم ایل پی جی بھی سرکاری نرخوں کے برعکس 480 سے 500 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے ۔ شہریوں نے الزام عائد کیا کہ مقامی سطح پر ناجائز منافع خوری جاری ہے جبکہ متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔اہلِ علاقہ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ گھریلو صارفین کے لیے سوئی گیس کی فراہمی کا دورانیہ بڑھایا جائے ، ایل پی جی کی سرکاری نرخوں پر فروخت یقینی بنائی جائے اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم ہو سکے ۔